مقامی سطح پر امن کمیٹی مسائل حل کرنے اور علمائے کرام امن وامان قائم رکھنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر چکوال

منگل 22 اگست 2017 19:12

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر اور ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ نے منگل کے روزبتایا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو امن وامان قائم رکھنے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے اور چھوٹے چھوٹے مسائل مقامی سطح پر امن کمیٹی حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وہ کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی، چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد، مرکزی انجمن تاجران ضلع چکوال کے شیخ رضوان فاروقی، اے ڈی سی جی شجاع قطب بھٹی اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اجلا س میں ضلع بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، عیدالاضحی پر سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے علاوہ لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال، قربانی کی کھالوں کو جمع کرنے اور شہر میں قربانی کے دوران صفائی کے معاملات زیر بحث لائے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ عیدقربان کے موقع پر تیس اگست سے یکم ستمبر تک قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت 24گھنٹے جاری رہے گی اور قربانی کی کھالیں وہ فلاحی تنظیمیں جو رجسٹرڈ ہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نامہ لیکر اکٹھی کرنے کی مجاز ہونگی۔ کالعدم تنظیمیں کھالیں اکٹھی کرنے کی مجاز نہیں ہونگی۔ ڈی پی او چکوال محمد ہارون جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں کے اندر چھپے ہوئے امن دشمنوں پر بھی کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ اس موقع پر اجلاس میں شریک علمائے کرام نے امن وامان کے قیام کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں