طلبہ مہارت کے حصول کو اپنی زندگی کا ہدف بنائیں، شہریار آفریدی

کرپشن اور اقربا پروری کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہ کریں، وزیر مملکت برائے سیفران و نارکوٹکس کنٹرول

جمعہ 19 جولائی 2019 22:06

طلبہ مہارت کے حصول کو اپنی زندگی کا ہدف بنائیں، شہریار آفریدی
چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) وزیر مملکت برائے سیفران و نارکوٹکس کنٹرول شہریار آفریدی نے طلبہ کو تاکید کی ہے کہ وہ مہارت کے حصول کو اپنی زندگی کا ہدف بنائیں،کرپشن اور اقربا پروری کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہ کریں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے یہاں کامسیٹس یونیورسٹی میں منعقد ہ لیڈر شپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو گوناگوں چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت انسانی ترقی، غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے لیے ملک کی تزویراتی سمت متعین کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔اس موقع پروزیر مملکت نے یونیورسٹی ریکٹرپروفیسر ڈاکٹرراحیل قمر سے کامسیٹس یونیورسٹی کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ، جو ان کا آبائی علاقہ ہے، میں بھی اس یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پروفیسر ڈاکٹرراحیل قمر نے وزیر مملکت کو بتایا کہ سرکاری شعبے سے تعلق رکھنے والی، عالمی درجہ بندی میں شامل اس یونیورسٹی کو حالیہ سالوں میں ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا گیا ہے۔بجٹ میں کمی سے وزیر اعظم فیس ری امبریسمنٹ سکیم بند ہو چکی ہے جس سے بچے اعلی تعلیم کی فراہمی سے محروم ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی نے موجودہ حکومت سے بے شمار توقعات وابستہ کررکھی ہیں۔

یونیورسٹی حکومت کو تعلیم، مبنی بر علم معیشت اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔شہر یار آفریدی نے یونیورسٹی کو ترقیاتی بجٹ اور اعلی تعلیمی وظائف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔وزیر مملکت نے حکومتی اداروں اور یونیورسٹیوں کے درمیان روابط کے اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں