چیچہ وطنی، بارانی یونیورسٹی ساہیوال میں مقامی تنظیم ہڑپہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے سٹریٹ تھیٹر ''سہتی وارث'' پیش

منگل 5 اکتوبر 2021 12:02

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2021ء) بارانی یونیورسٹی ساہیوال میں مقامی تنظیم ہڑپہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے سٹریٹ تھیٹر ''سہتی وارث'' پیش کیا گیا جسے شہریوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے دلچسپی سے دیکھا۔ یہ ڈرامہ پنجابی زبان میں لاہور سے تعلق رکھنی والی ایک تنظیم سنگت نے پیش کیا تھا جس کے زیادہ تر اداکاروں کا تعلق نیشنل کالج آف آرٹس کے اساتذہ اور طلبہ پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

پیش کیے گئے ڈرامہ کی اہم بات یہ تھی کہ اس کا تمام مواد وارث شاہ کی لکھی گئی ہیر سے لیا گیا تھا اور اسی شاعری کو اصل حالت میں ڈائیلاگ کی طرح پیش کیا گیا۔ ہما صفدر کی ہدایتکاری میں کیے گئے ناٹک میں رانجھے کا کردار محمد ریاض جبکہ سہتی کا کردار عروج اورنگزیب نے ادا کیا تھا۔ ہما صفدر، عظمی، ابوذر مادھو، کنول، نیہا، مومنہ صبا، عنزہ، نعیم، ریاض،سمبل، انوش جاوید، حسنین پنجابی اورعلی نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ناٹک کا بنیادی مقصد پنجابی زبان اور ثقافت کی ترویج اور پنجابی ادب سے روشناس کرونا تھا۔سہتی وارث میں وارث شاہ کی اس شاعری کو استعمال کیا گیا جو معاشرے میں عورت کی طاقت اور برابری کے حقوق کو اجاگر کرتی ہیں۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں