ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے پولیومہم کا افتتاح کر دیا

ہفتہ 19 ستمبر 2020 21:16

چنیوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2020ء) ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر پولیومہم کا افتتاح کر دیا،ضلع چنیوٹ میں 21 ستمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں 2لاکھ 64 ہزار 59 بچوں کوحفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ہسپتال چنیوٹ میں 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ضلع چنیوٹ میں 5 روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا، افتتاح کے بعد مہم کی کامیابی اور ملک پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی، اس موقع پرسی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل ، ایم ایس ڈاکٹر اعظم ، ڈپٹی ڈی او ڈاکٹر امیر علی و دیگر موجود تھے ، ڈپٹی کمشنرمحمد ریاض کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پولیو مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، پولیو ٹیموں کے ذریعے ضلع کے کونے کونے میں بچوں کو تلاش کر کے حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ننھے پھول جیسے بچے ہمارا مستقبل ہیں اس لیے اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے کسی بھی جانب سے کوتاہی یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے والدین کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہمارے ضلع چنیوٹ میں ابھی تک پولیو کا کوئی بھی کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا، ہمارا ضلع پولیو سے مکمل پاک ہے مگر ہم نے آرام سے نہیں بیٹھنا اور اس کو جڑ سے اکھاڑنا ہمارا مشن ہے جس کیلئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے لہٰذا ملک بھر سے پولیو کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل جل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، آخر میںڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومتی کوششوں کے ساتھ ساتھ عوام کا احساس ذمہ داری وطن عزیز سے پولیو جیسی موذی اور جان لیوا بیماری کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے ۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں