ضلع چنیوٹ میں گندم خریداری کے لیے پانچ مرکز قائم

اتوار 14 اپریل 2024 16:10

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) چنیوٹ میں گندم خریداری مہم سال 2024-25 کی تیاریاں مکمل ،ضلع میں پانچ گندم خریداری مراکز قائم کر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر چنیوٹ فضل عباس شاہد نے گندم خریداری مراکز پر کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ ضلع میں پانچ گندم خریداری مراکز قائم کر دئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار 17 اپریل تک باردانہ ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواستیں دے سکتے ہیں، کل 13 اپریل سے باردانہ ایپ پر درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں، پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 17 اپریل تک باردانہ کی درخواستیں موصول ہونگی،فضل عباس شاہد ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے مزید کہا پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسج کیا جائے گا ،کاشتکاروں کو باردانہ کے اجراء اور گندم وصولی کی تاریخ کا میسج بزریعہ باردانہ ایپ کیا جائے گا جبکہ باردانہ کا اجراء 19 اپریل 2024 سے ہوگا اور باردانہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فضل عباس شاہد نے کہا سوموار 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی ضلعی سطح پر گندم کی خریداری کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں گندم خریداری مراکز چنیوٹ شہر،چک 11،چناب نگر ،لالیاں اور جامعہ آباد میں قائم کئے گئے ہیں کاشتکار بھائیوں سے گندم 3900 روپے فی 40 کلو کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلوگرام ڈلیوری چارجز ادا کئے جائیں گے جبکہ چھوٹے کسان کے تحفظ کیلئے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں