دریائے چترال پر رسی ٹوٹنے کی وجہ سےچئیر لفٹ پھنس گئی

چئیر لفٹ کو رسی سے باندھ کر تینوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا،45 منٹ تک آپریشن جاری رہا۔ترجمان ریسکیو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 29 اگست 2023 11:50

دریائے چترال پر رسی ٹوٹنے کی وجہ سےچئیر لفٹ پھنس گئی
اپر چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست2023ء) اپر چترال میں کوراغ کے مقام پر دریائے چترال پر قائم چئیر لفٹ پھنس گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لفٹ میں 3 افراد موجود تھے جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔ترجمان ریسکیو بلال فیضی کے مطابق چئیر لفٹ کو رسی باندھ کر تینوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔رسی ٹوٹنے کی وجہ سے چیئر لفٹ پھنس گئی تھی۔45 منٹ تک آپریشن جاری رہا۔

اس سے قبل 22 اگست کو بٹگرام میں ایک ایسا خوفناک واقعہ پیش آیا جس نے قومی اداروں سمیت غیر ملکیوں کو بھی پریشانی میں مبتلا کردیا اور یہ واقعہ انٹرنیشنل میڈیا پر بھی کافی موضوعِ بحث رہا۔بٹگرام کے گاں الائی میں پاشتو کے مقام پر چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچوں سمیت 8 افراد پھنس گئے تھے، بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئر لفٹ کے ذریعے اپنے اسکول جا رہے تھے کہ لفٹ کی 3 میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئر لفٹ تقریبا 900 فٹ کی بلندی پر پھنس گئی تھی تاہم پاک فوج، ریسکیو اہلکار اور مقامی افراد نے طویل جدوجہد کے بعد تمام افراد کو بچا لیا تھا۔

(جاری ہے)

بٹگرام چیئرلفٹ واقعے سے متعلق پولیس کی تفتیش جاری ہے، اس حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ چیئرلفٹ کی غیر معیاری رسیوں کے باعث مالک کو 2بار نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق چیئرلفٹ میں لگی تینوں رسیاں غیرمعیاری تھیں جبکہ حفاظتی انتظامات بھی میسر نہ تھے جس کے متعلق لفٹ کے مالک کو پہلے ہی دو احتیاطی نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔ لفٹ مالک کو پہلا نوٹس جولائی جبکہ دوسرا رواں ماہ اگست میں ہی جاری کیا گیا تھا تاہم نوٹس پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں کوئی کارروائی بھی نہیں کی گئی۔ گزشتہ روز پولیس نے چئیر لفٹ کے مالک اور آپریٹر کو گرفتار کرکے لفٹ کنٹرول روم سیل کردیا تھا۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں چیئرلفٹ کی چیکنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں