چترال، وادی سور لاسپور میں پن بجلی گھر مکمل، وزیر زادہ کیلاش نے افتتاح کر دیا

جمعرات 21 اکتوبر 2021 13:18

چترال، وادی  سور لاسپور میں  پن بجلی گھر مکمل، وزیر زادہ کیلاش نے افتتاح کر دیا
چترال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2021ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے ضلع اپر چترال میں وادی شندور کے دامن میں واقع نہایت دور آفتادہ علاقہ وادی سور لاسپور میں پن بجلی گھر کا افتتاح کر دیا  ، 200KV پن بجلی گھر کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، اس پسماندہ علاقے میں پہلی بار حکومت کی جانب سے عوام کو بجلی فراہم کی گئی ۔

وزیر زادہ کیلاش کا اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا اجالوں کا سفر پروگرام جاری ہے اور اس کے تحت اب دوسرے فیز میں بھی چترال کے طول و عرض میں متعدد پن بجلی گھر بن رہے ہیں جو یقینی طور پر ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو تاریکیوں سے نکال کر اجالوں میں لائے گی۔

(جاری ہے)

یہ بجلی گھر صوبائی محکمہ پیڈو (پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنایزیشن ) کے مالی تعاون سے مکمل ہوا جو چترال میں اس قسم کے 54 چھوٹے پن بجلی گھر بنارہے ہیں۔

ان بجلی گھروں کا ٹھیکہ AKRSP کو دیا گیا تھا۔ افتتاحی تقریب میں پور ے علاقے کے لوگوں نے شرکت کی اورصوبائی حکومت کے ساتھ آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے ان کو اندھیروں سے نکالا گیا اور بجلی جیسی بنیادی سہولت فراہم کی گئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بجلی گھر کے پانی کا نالہ ایک سال قبل پچاس فیصد خراب ہوا تھا مگر AKRSP نے اسے دوبارہ تعمیر کیا  جس کی فی کلوواٹ بجلی پیدا کرنے پر ڈیڑھ لاکھ روپے لاگت آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اب علاقے میں 74 سال بعد بجلی آگئی ہے جس سے ان کے بچوں کو تعلیم کی حصول میں بھی آسانی ہوگی۔ وادی سور لاسپور کے بزرگ فنکاروں نے دف بجاکر رو١یتی ثقافتی موسیقی کا بھی مظاہرہ کیا۔ وزیر زادہ کیلاش بھی روایتی کیلاشی رقص پیش کرتے ہوئے مقامی لوگوں کی خوشی میں شریک ہوئے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوںنے شرکت کرتے ہوئے بجلی کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں