ڈیرہ غازی خان ، ڈپٹی کمشنر کا دورہ سبزی و فروٹ منڈی،نیلامی کے عمل کی نگرانی کی

جمعہ 25 اگست 2023 10:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2023ء) ڈیرہ غازی خان میں خود ساختہ مہنگائی کے خاتمے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ۔ صوبائی حکومت کے احکامات کے بعد منڈیوں میں نیلامی کی مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے سبزی و فروٹ منڈی سرور والی کا دورہ کیا اور پیاز،ٹماٹر،دھنیا،بینگن اور آلو کی نیلامی کا خود جائزہ لیا۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر منڈیوں میں اصلاحات کےلئے متحرک ہیں اور مہنگائی کےاس دور میں عوام کو ریلیف دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ٹرانزٹ پوائنٹ ہے یہاں سے پھل و فروٹ دیگر شہروں کو سپلائی کئے جاتے ہیں،نیلامی کے عمل کی انسپکشن کے ساتھ مانیٹرنگ عمل میں بھی شفافیت لائی جائے گی اور منظم حکمت عملی کے تحت عوام کو حقیقی ریلیف دلائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ منڈی میں صفائی و ستھرائی عمل میں مزید بہتری لائی جائے ورنہ ٹھیکہ منسوخ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں معاملات کی بہتری کےلئے منڈیوں کے دورے کرتا رہوں گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی محمد صادق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگری مارکیٹنگ طاہر جلیل اور ڈی او انڈسٹریز اصغر صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں