ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں فالج سے متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کیلئے پنجاب کا دوسرا سٹروک سنٹر قائم کردیا گیا

جمعرات 2 مئی 2024 17:04

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) ڈیرہ غازی خان سے رکن صوبائی اسمبلی محمد حنیف پتافی نے کہا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتال میں فالج سے متاثرہ افراد کے علاج معالجہ کیلئے پنجاب کا دوسرا سٹروک سنٹر قائم کردیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فالج سے متاثرہ مریضوں کی پہلی علاج گاہ یہی سٹروک سنٹر ہوتا ہے جہاں فالج کو کنٹرول کرنے کیلئے انجکشن لگانے کے ساتھ دیگر ضروری علاج کیا جاتا ہے۔ڈیرہ غازی خان سے قبل راولپنڈی میں سٹروک سنٹر قائم ہے۔حنیف پتافی نے کہا کہ زچہ بچہ ہسپتال،اوپی ڈی اور دیگر پراجیکٹس کے رکے ہوئے فنڈز جاری کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے خصوصی درخواست کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بریفننگ میں بتایا گیا کہ ٹیچنگ ہسپتال کے ٹراما سنٹر میں نئی سی ٹی سکین مشین نصب کردی گئی ہے جو تین روز کے اندر فنکشنل کردی جائے گی۔دریں اثنا محمد حنیف پتافی نے میڈیکل کالج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودا بھی لگایا۔اس موقع پر پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹر آصف قریشی اور ایم ایس علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبد الرحمن قیصرانی سمیت دیگر ڈاکٹرز نے بھی پودے لگائے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں