صوبائی وزیر معدنیات نے ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور کے مقام پر چھاپہ مارکر ریت،پتھر کی بڑی چوری پکڑ لی

اتوار 7 اپریل 2024 17:40

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل2024ء) صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور کے مقام پر چھاپہ مارکر ریت اور پتھر کی سب سے بڑی چوری پکڑ لی۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے سخی سرور کے پہاڑی علاقے میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ریڈ کی جہاں ریت اور پتھر کی غیرقانونی ترسیل کی جا رہی تھی اور سپلائی میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں پائی گئیں۔

مقامی افسران اور ملازمین کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو روزانہ کروڑوں کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔صوبائی وزیر نے فوری گرفتاریاں اور ایف آئی آرز درج کرنے کا حکم دے دیا اور محکمہ معدنیات سخی سرور کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملوث افسران اور ملازمین کےخلاف ایف آئی آر کروانے کا بھی حکم دے دیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ بغیر لیز اور آکشن کے گزشتہ دو سال سے غیر قانونی طور پر ریت اور پتھر کے ٹرک بھر کے ملک بھر میں ناجائز طور پر سپلائی جاری تھی اور روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 3000 ایسے ٹرک پورے ملک میں بھیجے جاتے ہیں جن پر ڈھائی سے تین ہزار فی ٹرک رشوت لی جاتی ہے۔شیر علی گورچانی نے کہا کہ لیکن اب مافیاز کے ساتھ مل کر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملازمین اور افسران کو کسی صورت معافی نہیں ملے گی اور ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیز اور آکشن ہونے تک اب یہ سپلائی معطل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور عوام کے پیسے پر لوٹ مار کی اجازت کسی صورت نہیں دے سکتے۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں