آر پی او ڈیرہ غازی خان کا سخی سرور،ٹرائبل ایریا کا دورہ

اتوار 21 اپریل 2024 10:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر)سجاد حسن خان نے ٹرائبل ایریا اور بین الصوبائی چیک پوسٹ سخی سرور کا دورہ کر کے سکیورٹی کے اقدامات، تعینات نفری، اسلحہ ایمونیشن، مورچوں اور چیکنگ کے مراحل کا جائزہ لیا۔ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق آر پی او نے دربار حضرت سخی سرور سید احمد سلطان کے وزٹ کے دوران دربار کے سکیورٹی پوائنٹس کو چیک کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص بغیر تلاشی اور چیکنگ دربار میں کسی بھی صورت داخل نہ ہو۔

(جاری ہے)

بعد ازاں انہوں نے ٹرائبل ایریا دورہ کے دوران بارڈر ملٹری پولیس کے موجودہ تھانہ جات اور چوکیات کی لوکیشن کو چیک کیا اور ٹرائبل ایریا میں بلوچستان سے آنے والے مختلف روٹس اور راستوں سمیت علاقائی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر آر پی او نے سمگلنگ کے خاتمے اور مشکوک افراد کی تقل و حرکت روکنے کے لیے مین راستوں اور چیک پوسٹوں کے علاؤہ بلوچستان سے آنے والے دیگر روٹس کی کڑی نگرانی کرنے اور اس سلسلہ میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر بارڈر ملٹری پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ باہم کوآرڈینیشن رکھنے کے احکامات جاری کیے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں