ڈائریکٹر جنرل زراعت پنجاب کا ڈیرہ غازیخان کا دورہ،کپاس کی کاشت کے حوالے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ

اتوار 12 مئی 2024 11:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب چوہدری عبدالحمید نے ڈیرہ غازیخان کے دورے کے دوران کپاس کی کاشت کے حوالے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ز راعت توسیع مہر عابد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر غلام محمد بزدار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک کلیم کوریہ،چارٹرڈ اکاونٹنٹ ملتان عبدالستار لاشاری اور دیگر افسران موجود تھے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈی جی زراعت توسیع نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کپاس کی بحالی اور پاکستان کی خوشحالی کے حوالے سے زراعت افسران کو فعال کردارادا کرنا ہوگا. ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں سات لاکھ 53ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کے ہدف کو پندرہ روز کے اندر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں زراعت افسران فیلڈ میں رہیں، کاشتکاروں کی رہنمائی کے ساتھ ان کے مسائل حل کیے جائیں کیونکہ کپاس کی بحالی سے ہی پاکستان کی معیشت کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کے حصول کیلئے روزانہ کا شیڈول مرتب کیا جائے اور زرعی افسران فارمرز سیمینارمنعقد کریں. کپاس کی کاشت اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کاشتکاروں کو رہنمائی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو بتایاجائے کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے زمین کی تیاری، پانی اور مٹی کا تجزیہ، معیاری بیج اور مقررہ کردہ مقدار میں پانی و کھاد اور سفارش کردہ زرعی ادویات استعمال کی جائیں۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں