ڈیرہ غازی خان میں زمین کے تنازعہ پر تصادم میں دس سالہ بچہ جاں بحق، 4افراد زخمی

اتوار 12 مئی 2024 14:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے چھابری بالا میں زمین کے تنازعہ پر تصادم میں دس سالہ بچہ جاں بحق، 4افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122کے مطابق کنٹرول روم کو کال موصول ہوئی جس میں کالر نے بتایا کہ زمین کے تنازعہ پر لڑائی ہوئی ہے جس میں چار سے پانچ بندے زخمی ہیں جن میں ایک بچہ شدید ذخمی ہے۔

(جاری ہے)

کنٹرول روم نے فورا دو ایمبولینسز اور ایک موٹر بائیک ایمبولینس روانہ کرا دی اور پولیس کنٹرول کو بھی انفارم کر دیا گیا۔سٹاف جب موقع پر پہنچا تو 4افراد زخمی تھے جبکہ ایک بچہ جس کی عمر تقریبا 10 سال تھی سر میں گولی لگنے سے موقع پر وفات پا چکا تھا۔ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تمام مریضوں کو علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان شفٹ کر دیا گیا ہے۔زخمیوں میں 30 سالہ پروین بی بی،6سالہ بچی مریم،36سالہ فاروق احمد،36سالہ عابدہ مائی جبکہ 10سالہ محمد اکبر موقع پر فوت ہو گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں