بلدیاتی انتخابات تبدیلی کی جانب اہم قدم ہے، سردار علی امین خان گنڈہ پور

جمعرات 23 اپریل 2015 13:25

ڈیرہ اسما عیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر مال سردار علی امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے، عوامی مسائل کے ذمہ دار تمام سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کا راستہ روکنے کے لیئے متحد ہو گئی ہیں مگر بلدیات میں بھی عوام انہیں مسترد کریں گے ان خیالات کااظہار انہوں نے یونین کونسل حسام میں جمعیت علمائے اسلام کو خیبر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے یونین کونسل حسام سے ضلع کونسل کے امیدوار سردار یحیٰ خان اکاخیل کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کے دورا ن کیا، اجتماع سے رکن صوبائی اسمبلی، سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ خان علی زئی، معروف سماجی شخصیت اور جمعیت علمائے اسلام کے دیرینہ ساتھی سردار حاجی ایوب خان اکا خیل اور یونین کونسل حسام سے ضلع کونسل کے امیدوار سردار یحیٰ خان اکا خیل نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر تحصیل کونسلر حاجی نذیر، جنرل کونسلر محمد خان نیازی اور معززین علاقہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، صوبائی وزیر مال نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام، پی پی پی اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت نے عوام اور علاقہ کے لیئے کچھ نہیں کیا، ہمارے مدمقابل جماعتوں کی قیادت عوام کا استحصال کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ جمعیت علمائے اسلام اور دیگر جماعتوں کے کنارہ کشی کرکے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے عوام کے وسائل عوام کی مرضی سے عوامی نمائندوں کے زریعے خرچ کرنے کا منشور دیا جس پر عمل جاری ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہم سہ فریقی اتحاد کے امیدواروں کو شکست دیں گے اور عوام کے حقیقی نمائندے عوام کی براہ راست خدمت کریں گے، انہوں نے کہا کہ یحیٰ خان اکاخیل میرا بھائی ہے اور اس کی کامیابی تحریک انصاف کی کامیابی ہوگی ،رکن صوبائی اسمبلی سمیع اللہ خان علی زئی نے اس موقع پر کہا کہ علی زئی خاندان نے ہمیشہ ڈیرہ اسما عیل خان کے عوام کی خدمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ سٹی ٹو میں تیرہ کروڑ روپے کی لاگت سے حسام پل کا جلد ہی تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ عوام ضلع کونسل اور تحصیل کونسل پر تحریک انصاف کے پینل کو کامیاب بنائیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے دیرینہ ساتھی سردار حاجی محمد ایوب خان اکاخیل نے کہا کہ علاقہ کے مسائل اور عوام کی تکالیف انتہائی زیادہ ہیں، مولانا برادران نے عوامی مسائل کے حل میں مایوس کیا اور عوام کے مسائل کے حل کے لیئے ہم تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں،اور ہمیں امید ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت ہمارے علاقہ کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں