فصلوں کو سیراب کرنے کیلئے پانی کی کمی کا مسئلہ خطرناک صورت اختیار کر تا جا رہا ہے،شعبہ زراعت کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری نئے ڈیمز اور آبی ذخائر کی تعمیر کا آغاز کیا جائے ،ترجمان پاکستان ایگری فورم

جمعرات 17 جنوری 2019 15:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان ایگری فورم کے ترجمان نے کہا کہ ملک میں ڈیمز کی تعمیر نہ ہونے اور آبی ذخائر کی کمی کے باعث فصلوں کو سیراب کرنے کیلئے پانی کی کمی کا مسئلہ خطرناک صورت اختیار کر تا جا رہا ہے لہٰذا حکومت شعبہ زراعت کو تباہی سے بچانے کیلئے فوری نئے ڈیمز اور آبی ذخائر کی تعمیر کا اعلان کرے تاکہ ملکی معیشت و اقتصادیات کو بربادی سے بچانا ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے جس کی معیشت کا زیادہ تر دار و مدار زراعت پر ہے لیکن پانی کی کمی سے فصلات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے جس سے ملکی معیشت روز بروز کمزور ہوتی جار ہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر حکومت نے سیاست ، لسانیت ، علاقائیت ، جذباتیت سے بالا تر ہو کر نئے آبی ذخائر کی تعمیر کا فیصلہ نہ کیا تو ملک کا لاکھوں ایکڑ رقبہ بنجر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو بے دردی سے لوٹنے والے افراد کا بھی احتساب کرے۔ انہوں نے کہا کہ کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کر کے اس کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسانوں کا استحصال جاری رکھا گیاتو وہ سخت احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں