فیصل آباد میں شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ہزاروں نئے پودے لگا دیئے گئے، شہری قیمتی پودوں کی حفاظت کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ترجمان پی ایچ اے

جمعہ 19 اپریل 2019 15:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٖفیصل آباد کی تمام اہم شاہرات ،پارکس ، گرین بیلٹس اور دیگر اہم مقامات پر موسم بہار کی شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ہزاروں نئے رنگ برنگ ، پھولدار و خوشبو دار پودے لگا کر ماحول کو انتہائی دلکش بنا دیا گیا ہے لہٰذا شہری قیمتی پودوں کی حفاظت اور انہیں نقصان سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایا کہ لاکھو ں روپے مالیت سے جہاں شہر کی تمام مرکزی شاہرات ، گرین بیلٹس اور ان کے اطراف سمیت پارکس اور آرائشی مقامات پر پھولدار و موسمی پودے لگائے گئے ہیں وہیں کھجور سمیت مختلف اقسام کے سایہ دار درخت لگانے کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے تاکہ نہ صرف شہریوں کو سائے کی سہولت دستیاب ہو سکے بلکہ سبزے کی وجہ سے آکسیجن کی زیادہ سے زیادہ مقدار پیدا ہونے کے باعث ماحولیاتی و فضائی آلودگی کا خاتمہ بھی ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ جن مقامات پر پانی کا انتظام نہیں وہاں نہ صرف پانی کا انتظام کیا جا رہا ہے بلکہ محکمہ کے واٹر ٹینک روزانہ کی بنیاد پر ان پودوں کو سیراب کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ شہری گھوڑوں ، گدھوں ، گائیوں ، بھینسوں ، بکریوں اور دیگر جانوروں کو گرین بیلٹس میں داخل نہ ہونے دیں تاکہ پودوں کے نقصان کو بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں