مفسر قرآن اور جماعت اسلامی کے بانی مولاناسید ابوالاعلیٰ مودودی کا یوم وفات کل منایا جائے گا

منگل 21 ستمبر 2021 14:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2021ء) مفسر قرآن اور جماعت اسلامی کے بانی مولاناسید ابوالاعلیٰ مودودی کا 42واں یوم وفات کل 22ستمبر بروزبدھ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈویژن سمیت تمام شہروں میں جماعت اسلامی پاکستان اور اس کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے خصوصی تقریبات، تعزیتی ریفرنسز، کانفرنسز، سیمینارز، مذاکروں، مباحثوں اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گاجس میں مفسر قرآن کی اسلام، ملک و ملت اور تنظیم کے لئے سیاسی، دینی، مذہبی، قومی خدمات کو شاندر الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جائےگا۔

اس موقع پر قرآن خوانی کی محافل بھی منعقد کی جائیں گی۔ مولانامودودی 25ستمبر 1903کو حیدرآباد دکن کے شہر اورنگ آباد میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

وہ اپنے دور کے ایک عظیم انسان تھے۔ ان کے دل میں اللہ اور اس کے رسولؐ  کی سچی محبت، ملت اسلامیہ کا درد اور پوری انسانیت سے خیر خواہی کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ مولانا نے اپنی بے شمار کتب کے علاوہ جو قیمتی ورثہ اس دنیا میں پیچھے چھوڑا۔

ان کی تاسیس کردہ جماعت ''جماعت اسلامی'' ہے۔ 26اگست 1941 کو لاہور میں پورے برصغیر پاک و ہند سے کچھ لوگ جو پہلے ہی مولانا کی تحریروں سے متاثر اور ماہنامہ ترجمان القرآن کے ذریعے ان کے افکار و نظریات اور ذات گرامی سے بخوبی واقفیت رکھتے تھے ان کی دعوت پر جمع ہوئے اور جماعت اسلامی کے نام سے ایک جماعت کی بنیاد رکھ دی گئی۔اس جماعت کی پشت پر وہ فکری رہنمائی تھی جو کئی سال سے مولانا انفرادی طورپر فراہم کر رہے تھے اور جس میں خود شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒکے مشورے بھی شامل تھے۔

مولانا نے اس جماعت کا کوئی عقیدہ اور مقصد اپنی طرف سے پیش نہیں کیا بلکہ کتاب و سنت کی روشنی میں جماعت کے عقیدے اور مقاصد کا تعین کیاجو جماعت اسلامی کے دستور میں پور ی تشریح کے ساتھ بیان کر دیاگیا۔ مولانا مودودی ؒ 22ستمبر 1979 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی کے یوم وفات پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشرکریگا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین شائع کئے جائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں