صارفین کو بلا تعطل اورکوالٹی بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،چیف ایگزیکٹو فیسکو

ہفتہ 27 نومبر 2021 13:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2021ء) چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے کہا کہ صارفین کو بلا تعطل اورکوالٹی بجلی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کو بروئے کار لایا جارہا ہے اور اس ضمن میں شہر کے اہم ترین لوڈ سنٹر220کے وی جڑانوالہ روڈ گرڈسٹیشن پر بس کپلرکی تنصیب کیلئے نہ صرف فزیبلٹی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے بلکہ بہت جلد یہاں بس بار بنا کر کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں صارفین کو بجلی کی متبادل ذرائع سے فراہمی کو ممکن بنایا جا ئے گا۔

220کے وی گرڈسٹیشن جڑانوالہ روڈ کے دورہ کے موقع پرانہوں نے کہا کہ فیسکو نئے گرڈز کی تعمیر کے ساتھ پرانے گرڈز کو اپ گریڈ کرنے، ان کی دیکھ بھال اور پرانی تاروں، پاور ٹرانسفارمرز اور پینلز کی تبدیلی کیلئے بھی متحرک ہے تاکہ آئندہ موسم گرما اور بجلی کی ڈیمانڈ بڑھنے سے قبل مذکورہ اقدامات کرلئے جائیں۔

(جاری ہے)

سپرنٹنڈنگ انجینئرجی ایس او شبیراحمد نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بس کپلرکی تنصیب کیلئے پاور ٹرانسفارمرز کی پرانی تاریں تبدیل کر لی گئی ہیں جبکہ نئے پینل کی تنصیب کیلئے سائٹ پر موجود ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ220کے وی جڑانوالہ روڈ پر دوسرے ٹرانسفارمر پرلوڈ شفٹ کر کے صارفین کی بجلی بحال کر دی جائے گی  اور انہیں  بہترسپلائی ملے گی۔ بعدازاں چیف ایگزیکٹو فیسکو بشیراحمد نے گرڈکے کنٹرول روم کا بھی جائزہ لیا اور بس کپلر کی تنصیب کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایات دیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں