کرپٹ عناصر کے خلاف سخت قوانین اور بڑی سزائوں کی ضرورت ہے، سیکرٹری کوآپریٹو منصور قادر

ْ

منگل 11 دسمبر 2018 23:51

فیصل آباد۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب منصور قادر نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف سخت قوانین اور بڑی سزائوں کی ضرورت کے ساتھ معاشرے میں اسلامی اقدار کو پروان چڑھانا چاہئے تاکہ الله کے خوف سے دیانتداری کو فروغ حاصل ہو اور بدعنوان افراد کو سوسائٹی کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے ۔انہوں نے یہ بات محکمہ امداد باہمی ‘ نیب اور ایک میڈیا گروپ کے تعاون سے مقامی ہوٹل میںمنعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر نیب سید حسنین احمد ‘ ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری ‘ رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب ڈاکٹر کرن خورشید‘ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مہر شفقت الله مشتاق ‘ وائس چیئرمین پنجاب کوآپریٹو یونین نواب انیس احمد خاں سیال ‘ جنرل سیکرٹری ارشد جیلانی ‘ ڈاکٹر جلال عارف ‘ ڈاکٹر شہزاد بسرا و دیگر کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہری بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب نے کہا کہ آئندہ نسل میں کرپشن کے خلاف شدید نفرت کا جذبہ اجاگر کرنا ہے تاکہ اس برائی کو ناقابل برداشت بنایا جا سکے ۔ڈائریکٹر نیب سید حسنین احمد نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو کرپشن کے چنگل سے آزاد کرنے کے لئے بھر پور انداز میں قانونی و اصلاحی اقدامات کئے جارہے ہیں جن کی کامیابی کے لئے کیمونٹی کا تعاون ناگزیر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی میں متعدد میگا سکینڈلز کا سراغ لگایا گیا ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن مہر شفقت الله مشتاق نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے 10 روزہ آگاہی تقریبات منعقد کی گئی ہیں جس کا مقصد کرپشن کی برائی کے خلاف اجتماعی شوچ بیدار کرنا ہے ۔ وائس چیئرمین پنجاب کوآپریٹو یونین نواب انیس احمد سیال اور جنرل سیکرٹری ارشد جیلانی نے کہا کہ کرپشن معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ۔

سیمینار سے زرعی یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف ‘ ڈاکٹر شہزاد بسرا و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات سے تجاوز کرنا اور اپنے منصب کو ذاتی فائدے کے لئے استعمال کرنا کرپشن ہے ۔ آخر میں مہمانوں میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں