والدین بچوں کو متعددی امراض سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور کروائیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

بدھ 17 جولائی 2019 17:28

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خان نیازی نے کہا ہے کہ بچوں کو مختلف متعدی امراض سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا والدین کو چاہیے کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ اپنے بچوں کو پیدائش کے فوری بعد حفاظتی ٹیکوں کا کورس شروع کرائیں تاکہ وہ آئندہ زندگی میں 10مخصوص بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کے دوران ’’توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات‘‘پرعملدرآمد کاجائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر آصف شہزاد،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹر بلال احمد،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر حبیب بٹر،اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)شمائلہ منظور اور محکمہ صحت وتعلیم کے دیگر افسران کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں کے کورس کے بغیر نہیں رہنا چاہیے اس حوالے سے والدین میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے بھرپورانداز میں تشہیری مہم پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں ویکسینیٹرز کی موجودگی کے بارے میں مساجد سے بار بار اعلانات کرائے جائیں تاکہ حفاظتی ٹیکے لگانے کے بارے میں والدین تک پیغام پہنچ سکے۔

انہوں نے ویکسینیٹرز کی کارکردگی پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حفاظتی ٹیکے لگانے والے سٹاف کے مسائل بھی فوری حل کئے جائیں اور انہیں سروس ڈلیوری میں بہترین ماحول میسر آنا چاہئے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران سے کہا کہ وہ سکول میں داخلے کے وقت بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کا کارڈ ضرور طلب کریں تاکہ والدین کو اس قومی فریضے پر عملدرآمد کا احساس ہو۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ ضلع میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی سو فیصد کوریج کو یقینی بنانے کے لئے مناسب وقت پر کریش پروگرام شروع کریں جس کے دوران گھرگھر جا کر حفاظتی ٹیکے لگانے کی تصدیق اور رہ جانے والے بچوں کی ویکسینیشن کی جائے ۔انہوں نے تاکید کی کہ حفاظتی ٹیکے لگانے کے پروگرام کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے دیگر متعلقہ محکمے بھی محکمہ صحت کی معاونت کریں تاکہ افرادی وسائل کے ساتھ ساتھ موثر انداز میں آگاہی مہم جاری رہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد نے حفاظتی ٹیکے لگانے کے حوالے سے ماسٹر پلان کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت بچوں کی 10بیماریوں تپ دق،گردن توڑ بخار، نمونیا، پیچس، تشنج،ہیپاٹائٹس، خسرہ،پولیو،کالی کھانسی اور خناق سے بچائو کے لئے ویکسینیشن کی جاتی ہے جس کے لئے یونین کونسل کی سطح پر سٹاف متعین کرکے چیک لسٹ کے مطابق ان کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں