ڈویژن بھر میں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھر پور انداز میں عملدرآمد جاری ہے ، کمشنر

پیر 21 اکتوبر 2019 20:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) :ڈویژن بھر میں عوامی فلاح وبہبود اور ریلیف کی حکومتی پالیسیوں پر جامع حکمت عملی کے تحت عملدرآمد جاری ہے اس سلسلے میں ترقیاتی منصوبوں کی پائیداراورشفاف تکمیل کے ساتھ علاقائی ترقی اورشہری خوبصورتی کے لئے ہمہ جہت منصوبے تشکیل دئیے گئے ہیں ۔یہ بات ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور میں 28ویں مڈ کیرئیر کورس کے زیرتربیت افسران کی 24رکنی ٹیم کو بریفنگ کے دوران بتائی۔

چیف انسٹرکٹر عبدالستار،ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،ڈائریکٹر پبلک سکولز چوہدری اشرف،پروٹوکول آفیسر میاں فاروق اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے افسران کی ٹیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں ڈویژن کے چاروں اضلاع کی جغرافیائی اورتاریخی پہلوئوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کااجراء کیا گیا جس کے تحت منتخب عوامی نمائندوں کی طرف سے تجویز کی گئی 250سکیمیں 2،ارب 30کروڑ روپے سے مکمل کی جارہی ہیں جبکہ رورل ایس ٹی پی پروگرام کے تحت ایک ارب 84کروڑ روپے سے 23سکیموں پرعملدرآمد جاری ہے اسی طرح سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پروگرام میں ایک ارب 55کروڑ روپے سے 514سکیموں پرتعمیراتی کام جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایک ارب 28کروڑ روپے سے کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس کی تیز رفتاری سے تعمیر جاری ہے جبکہ ڈیڑھ ارب روپے سے شہر کے مشرقی حصے حسیب شہید کالونی میں گورنمنٹ جنرل ہسپتال کا آئوٹ ڈور فنکشنل ہوچکا ہے۔انہوں نے مقامی تہذیب وثقافت،آبادی کی صورتحال،ترقیاتی سرگرمیوں اور سماجی ومعاشی حیثیت کے بارے میں بتایا کہ یہ خطہ صنعت وزراعت کے شعبہ میں یکساں اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے دستیاب تعلیمی وصحت کی سہولتوں اور حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمداور ان کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے پبلک سکولوں کے کردار،علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے قیام کی پیشرفت،کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر عملدرآمدسے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے بعض سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ 90فیصد موضع جات کمپیوٹرائزڈ ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔اس موقع پر افسران کی ٹیم کے سربراہ اور ڈپٹی کمشنر کے مابین یادگاری شیلڈ کا تبادلہ بھی ہوا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں