پاکستان کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے،علی محمد خان

نوجوان طبقے کے بڑے خواب در حقیقت اقوام کی بڑی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہوتے ہیں، نوجوان نسل کو پڑھا لکھا بنانے کے ساتھ پاکستان کا مفید شہری بھی بنانا ہے ، مشکل وقت اب ختم ہو رہا ہے پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف گامزن ہے،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور

ہفتہ 7 دسمبر 2019 23:53

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمدخان نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل مضبوط ہاتھوں میں ہے آپ ہی ہمارے لیڈرہیں کیونکہ میری نوجوان نسل اب جاگ اٹھی ہے جس کو پاکستان بننے کا بھی پتہ ہے اب جو ہمارے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں آپ کی وجہ سے انہیں اب زیادہ محنت کرنی پڑے گی پاکستان ہماری ماں ہے اس میں سب برابر ہیں۔

یہ بات انہوں نے سرکل کلب میں والنیٹز فورس پاکستان کے سمینار سے خطاب کرنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کو قانون سازی اور دوسرے امور سے دوررکھا گیا اب نوجوانوں کو آگے لایا جارہا ہے کیونکہ یہ ہماری کل آبادی کا تقربیاً 60فیصد ہیں جن کا وجود ہمیں دیگر اقوام کے مقابلے میں یہ حوصلہ افزاء امید دلاتا ہے کہ ان نوجوانوں کے جذبہ ہمت اور عقل ودانش کو صحیح طور استعمال کر کے پاکستان دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کرسکتاہے۔

(جاری ہے)

موجودہ دور علمی استعداد ، نالج اکانومی اور جدت پسندی کے اصولوں پر کارفرما ہے اور نوجوانوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لئے محنت کے سوا کوئی ذریعہ نہیں ۔نوجوان طبقہ کے بڑے خواب در حقیقت اقوام کی بڑی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے جس کی ٹیکسٹائل مصنوعات بین الااقوامی برآمدات میں نمایاں حصہ رکھتی ہے ہماری حکومت کا ذیادہ فوکس دور دراز علاقوں میں نئے سکول کالج اور یونیورسٹیوں کے بنانے کے ساتھ ساتھ پرانے کو اپ گریڈ کرنا ہے تاکہ نوجوان نسل کو پڑھا لکھا بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کا مفید شہری بھی بنانا ہے تاکہ وہ آگے چل کر ملک کی باگ ڈور سبھال سکے انہوں نے کہا کہ نوجوان اگر اپنی کامیابی کو انسانیت کی خدمت سے ہم آہنگ کر لیں تو کامیابی اپنی معراج پا لیتی ہے اور دنیا ایسے انسانوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے ہماری بین الااقوامی ریٹنگ اب بہتری کی جانب گامزن ہے اور ہماری برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ہو ا ہے۔

پاکستان میں واحد میرے حلقہ میں لڑکیوں کا کیڈٹ کالج قائم ہے وزیر اعظم پاکستان کا وژن تعلیم کو غریب اور دور دراز علاقوں میں بسنے والے لوگوں تک عام کرنا ہے جس کی مثال نمل یونیورسٹی جہاں پر ہر طبقہ کے لوگ علم حاصل کررہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشکل وقت اب ختم ہو رہا ہے پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف گامزن ہے جس سے مہنگائی میں کمی واقع ہوگی اب ہم سبز انقلاب کی طرف جارہے ہیں جس سے ہر طبقہ کو اوپر لایا جارہا ہے اب اسمبلی میں بڑے بڑے عہدوں پر عام لوگ خدمات سرانجام دے رہے ہیں انہوں نے کہاکہ فیصل آباد کے مختلف حلقوں میں گھومنے سے ایسے لگ رہا تھا جیسے میں اپنے حلقہ مردان میں گھوم رہا ہوں۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوئے فرخ حبیب اور ایم این اے فیض اللہ کموکا بھی تھے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں