فیصل آباد، کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر انتظامی حکام کی کارروائیاں جاری، مزید3بھکاریوں کو تحویل میں لے لیا گیا

جمعہ 15 اکتوبر 2021 18:22

فیصل آباد۔15اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2021ء) :فیصل آبادکے انتظامی حکام کی کارروائیاں جمعہ کو بھی جاری رہیں اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرشاپنگ مالز وپلازوں،دکانداروں اورٹرانسپورٹرز کومزید34ہزار روپے جرمانہ کر دیاجبکہ گزشتہ212روزمیں اب تک 75لاکھ 83ہزارروپے جرمانہ کیاجاچکا ہے۔

ضلع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے جمعہ کوکھانے پینے کی اشیا مہنگے داموں فروخت کرنے پر 48گرانفروشوں کو64ہزار500روپے جرمانہ کیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں مجموعی طور پر761انسپکشنز کرکے پھلوں وسبزیوں،دالوں،چکن،مٹن،بیف اور کریانہ کی اشیا مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے پرکارروائی کی۔

(جاری ہے)

مزید برآں محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے شاہرات وچوکوں اور پبلک مقامات پر شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بننے والے عادی وپیشہ وربھکاریوں کو تحویل میں لینے کا سلسلہ جاری ہے اور اس ضمن میں ٹیموں نے جمعہ کو مزید3بھکاریوں کو تحویل میں لیکر سنٹر منتقل کرایا۔

اینٹی بیگری سکواڈ نے صدیقیہ قبرستان روڑ راجہ غلام رسول نگر،ہلال روڑ ستیانہ روڑ،مچھلی فارم چوک،جدہ مارکیٹ اوردیگر پبلک مقامات سے پیشہ وربھکاریوں کوتحویل میں لیا۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے انسداد وبائی امراض ڈاکٹر ذوالقرنین نے الائیڈ ہسپتال کا دورہ کیا اور وارڈ میں ڈینگی کے مریضوں کی کیس ہسٹری دریافت کی۔انہوں نے ہسپتال کے اردگرد بھی ڈینگی سرویلنس کو چیک کیا اور اپنی نگرانی میں ویکٹر سرویلنس کرائی۔

انہوں نے انسداد ڈینگی ٹیم کو نئے رپورٹ ہونیوالے مریض کے گھر کے اردگرد ہسٹری اور سرویلنس کا عمل تیزی سے مکمل کرنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی اقدامات کو چوکس رکھا گیا ہے اور ان ڈوروآؤٹ ڈور سرویلنس بھی بلاتعطل جاری ہے۔اسی طرح ضلع کے کورونا ویکسی نیشن سنٹرزپرجمعہ کے روزمزید 32715جنرل پبلک اور ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگائی گئی جبکہ اب تک 33لاکھ 92ہزار825جنرل پبلک اور ہیلتھ کیئر ورکرزکی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر بلال احمد نے بتایا کہ جمعہ کے روز32661جنرل پبلک اور 54ہیلتھ کیئر ورکرز کی ویکسی نیشن ہوئی جن میں 17888جنرل پبلک نے پہلی اور 14773نے دوسری اسی طرح 2ہیلتھ کیئر ورکرز نے پہلی اور52نے دوسری خوراک لگوائی۔مزید برآں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عاصم منصوراور جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس محمد بلال حسین نے جمعہ کو سینٹرل جیل کا دورہ کرکے ماہانہ انسپکشن کی۔

سپرنٹنڈنٹ جیل چوہدری محمد اصغر نے افسران کو جیل کے انتظامی وحفاظتی امور پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل ہسپتال،کچن اسیران اور بیرکس کا دورہ کرکے قیدیوں سے مسائل دریافت اور سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے معمولی جرائم میں ملوث تین اسیران کو ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کا بھی حکم دیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں