j183 انسٹی ٹیوٹ میں43 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں،محبوب احمد

ہنر مند طلبہ کو عالمی منڈیوں میں 300ڈالر جبکہ انڈیا کے طلبہ کو ہزار ڈالر مل رہے ہیں،ایم ڈی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل

ہفتہ 18 مئی 2024 22:44

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مئی2024ء) پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے منیجنگ ڈائریکٹر محبو ب احمد نے کہا ہے کہ ہمارا ادارہ مستحق بچوں کو مختلف ہنر سکھلانے کی ذمہ داری پوری کر رہا ہے۔ اس وقت پنجاب میں 183انسٹیٹیوٹ کام کر رہے ہیں جن میں 43,000طلبہ زیر تربیت ہیں اور ان کی ملازمت کرنے کی شرح 82فیصد ہے۔ پی وی ٹی سی 2لاکھ بچوں کو تربیت دینے کی استعداد رکھتی تھی مگر فنڈ کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ تعداد کم ہو کے 43000رہ گئی ہے جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے تشویش کا اظہار کیا کہ ہمارے ہنر مند طلبہ کو عالمی منڈیوں میں 300ڈالر جبکہ انڈیا کے طلبہ کو ہزار ڈالر مل رہے ہیں اِس لئے ہمارے ہنر دینے والے اداروں کو عالمی اداروں سے الحاق کے علاوہ اپنے کورسوں کو بین الاقوامی اداروں کے کورس کے مساوی قرار دلوانے کیلئے بھی عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

(جاری ہے)

امریکہ میں بڑی تعداد میں انجینئرنگ کی یونیورسٹیاں ہیں لیکن اس شعبہ میں جرمنی بہت آگے ہے جہاں 75فیصد طلبہ کو صرف ووکیشنل تربیت دی جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے منیجنگ ڈائریکٹر محبو ب احمدنے فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق اور دیگر ممبران سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق پاکستان کاسب سے بڑا قیمتی اثاثہ اِس کے نوجوان ہیں جن کو ہنر مند بنا کے مقامی صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ ان کو برآمدات کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے تاہم اس سلسلہ میں ہمیں آئندہ دس سالوں کی ضروریات کے مطابق مطلوبہ ہنر کی فہرست مرتب کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ٹریڈز پر بھی نظر ثانی کرنا ہو گی تاکہ پرانے روایتی کورسوں کے برعکس ہم آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے مستقبل کے جدید ٹریڈز متعارف کر اسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے کسی ایک ادارے کو اپنا کے وہاں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے کورس شروع کر اسکتے ہیں۔جسے ITکے سنٹر آف ایکسی لینس کے طور پر ترقی دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے ان اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مطلوبہ ٹریڈ کے آلات مہیا کرنے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ایسے مستحق مگر کام کرنے کے خواہشمند ہنر مند بچوں کی فہرست مہیا کی جائے تو وہ انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے سرمایہ بھی مہیا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر طالبات کو آئی ٹی کی تربیت دینے پر بھی زور دیا تاکہ وہ گھر بیٹھ کے باعزت اور منافع بخش روزگار شروع کر سکیں۔

انہوں نے فیصل آباد کی ڈسٹرکٹ جیل کی 125خواتین کیلئے بھی چار پانچ مختلف ٹریڈز کے کورس شروع کرنے کی تجویز دی جس کیلئے فیصل آباد کی تاجر برادری مشینیں مہیا کر سکتی ہے جبکہ پی وی ٹی سی کو ٹرینر کا بندوبست کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ خواتین جیل سے رہاہونگی تو انہیں جیل کے گیٹ پر ہی اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مشینیں مہیا کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کیلئے جگہ لیکر دینے کا بھی وعدہ کیا جبکہ ۔ اس موقع پر پی وی ٹی سی کے بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر مزمل سلطان نے بتایا کہ فیصل آباد میں 14انسٹیٹیوٹ قائم ہیں جن میں 2500بچے زیر تعلیم تھے مگر فنڈ کی عدم دستیابی کی وجہ سے اُن کی تعداد کم ہو کے 1500رہ گئی ہے جس کیلئے فیصل آباد کے مخیر لوگوں کا تعاون درکار ہے ، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے منیجنگ ڈائریکٹر محبوب احمد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے باہمی مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے۔

آخر میں صدر ڈاکٹر خرم طارق نے پی وی ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر محبوب احمد کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی ۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی ، پی وی ٹی سی کی سینئر منیجر پی آر اینڈ مارکیٹنگ محترمہ بشریٰ نواز، ڈاکٹر حبیب اسلم گابا، انجینئر بابر شہزاد، میاں محمد طیب اور ڈاکٹر اعجاز نثار بھی موجود تھے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں