فیصل آباد،جماعت اسلامی کا واسا کی طرف سے گلستان کالونی اور اس کی ملحقہ آبادیوں میں سیوریج ملے بدبودارپانی کی سپلائی پر شدیدتشویش کا اظہار

بدھ 20 اگست 2025 20:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء)جماعت اسلامی کے راہنمااورسابق یو سی ناظم وچیئرمین سی سی28 گلستان کالونی ،ممبرامن کمیٹی میاںطاہر ایوب نے واسا کی طرف سے گلستان کالونی اور اس کی ملحقہ آبادیوں میں سیوریج ملے بدبودارپانی کی سپلائی پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دس دن سے شہریوں کو مسلسل آلودہ پانی فراہم کیا جارہا ہے ۔

سیوریج ملے پانی پینے سے شہری پیٹ کی بیماریوں اور دیگر موذی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔بار بار کی درخواستوں کے باوجود واسا حکام کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی ۔ انہوں نے کہا کہ واسا کے ریکارڈ کے مطابق گلستان کالونی سے واسا کوسب سے زیاد ہ ریونیو حاصل ہو رہا ہے لیکن گلستان کالونی کے مکینوں سے ہی امتیازی سلوک کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ایک طرف توشدیدگرمی سے عوام کا برا حال ہے تودوسری طرف مہنگائی کے دور میں لوگ پانی خرید کر پینے پر مجبور ہیںجو لوگوں کے لئے ایک اضافی بوجھ ہے۔

انہوں نے واسا حکام کو متنبہ کیا ہے کہ واسا کی غفلت اور لاپرواہی سے اگر علاقہ میں وبائی امراض پھوٹ پڑے تو اس کے ذمہ دار واسا حکام ہوں گے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرفیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر صورت حال کا نوٹس لے کر پانی کی کوالٹی کو چیک کروا کے بہتر کروایا جائے ورنہ گلستان کالونی کے شہری خواتین اور بچوں کے ہمراہ واسا کے دفاتر کا گھیرائو کریں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں