ڈپٹی کمشنر الیون اور شوبز الیون کے درمیان 15اوورز کا دوستانہ ٹیپ بال کرکٹ میچ جمعہ کو 4بجے اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،میچ کے شاندار انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے

منگل 23 جولائی 2019 14:57

ڈپٹی کمشنر الیون اور شوبز الیون کے درمیان 15اوورز کا دوستانہ ٹیپ بال کرکٹ میچ جمعہ کو 4بجے اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،میچ کے شاندار انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر الیون اور شوبز الیون کے درمیان 15اوورز کا دوستانہ ٹیپ بال کرکٹ میچ 26جولائی بروز جمعہ کی سہ پہر 4بجے اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ میچ کے شاندار انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔آر ایس پروڈکشن ، ایم ایس اے پروڈکشن، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن، پروفیشنل فوٹو گرافرز ایسوسی ایشنز ، نائیکن پاکستان ، پاکستان کرکٹ بورڈ اور بعض دیگر اداروں کے اشتراک سے منعقد کئے جانے والے اس کرکٹ میچ میں جہانزیب زیبی،زین شیخ ، امجد اسلام رانا ، عامر شمشیر علی ،عبداللہ شاہد ، ڈاکٹر عمران خان، عبدالرئوف جٹ روفی ، علی شیر ، حسنین چوہدری ، مرزا عبدالمنان،محمد سہیل بیگ ،ایم سکندر علی،نعمان مغل،شجاع احسن ،عادل رانا ، مرزا حسن ، عثمان اعوان ، ایم راشد و دیگر سٹارز حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

اقبال سٹیڈیم فیصل آباد کے کیئر ٹیکر نوید نذیر نے بتایاکہ جمعہ کے دوستانہ میچ کے شاندار انعقاد کیلئے بھر پور اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ کرکٹ کے شائقین کا سٹیڈیم میں داخلہ بھی مفت ہو گا۔انہوںنے بتایا کہ دوستانہ ٹیپ بال کرکٹ میچ کے دوران سکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔انہوںنے بتایاکہ اس موقع پر قائمقام ڈپٹی کمشنر طارق خاں نیازی ،ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز چوہدری سبحان علی ،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف چوہدری ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل مصور خان نیازی،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نویدافتخار ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آفتاب احمد ،ایڈمن آفیسر ڈی سی آفس ریاض انجم و دیگر مہمانان بھی موجود ہوں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں