وفاقی سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل کا ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نارتھ زون کا دورہ

صنعتی وبرآمدی شعبہ کے زیر التوا ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی اور وزیر اعظم سے ملاقات کیلئے اقدامات کی یقین دہانی

پیر 10 جولائی 2017 17:53

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2017ء)وفاقی سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل حسن اقبال نے پیر کے روز پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون فیصل آباد کا دورہ کیا اور ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئر مین محمد امجد خواجہ سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان و سینئر ممبران کو صنعتی و برآمدی شعبہ کے اربوں روپے کے زیر التوا ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی اور ان کی وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کیلئے فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی،اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی سیکرٹری وزارت ٹیکسائل حسن اقبال نے کہا کہ ہم سب کو مل بیٹھ کر انڈسٹری کے بارے سوچنے جبکہ حکومت کو آپ کے تعاون کی اشد ضرورت ہے ،انہوںنے کہا کہ حکومت نے تین ارب روپے کی رقم ریلیز کر دی ہے جس سے برآمد ی سیکٹر سے وابستہ افراد کے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی کی جائے گی اور جیسے جیسے ان کے کلیمز آتے جائیں گے وہ بھی کلیئر ہوتے جائیں گے، انہوںنے کہا کہ ان کی وزیر خزانہ سے بات ہوئی ہے ، انہوںنے کہاہے کہ وہ ٹیکسائل کے مالیات کے معاملات کو ہر طرح سے ہر سطح پر مینج کریں گے ، انہوںنے کہا کہ ایسوی ایشن کی جانب سے ایک تجویز آئی تھی کہ آپ وزیر اعظم سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لہٰذا ہم نے وزیر اعظم ہائوس کو آپ کی اس تجویز سے آگاہ کیا ہے جبکہ وزیر اعظم ہائوس نے فوراً انہیں اس ملاقات بارے تمام تجاویز بھجوانے کو کہا ہے، انہوںنے کہا کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر تمام وزارتوں اور اداروںسے ٹیکسٹائل کے مسائل کے بارے میں تمام تجاویز لیکر وزیرا عظم ہائوس کو بھیج رہے ہیں جس کے بعد عنقریب وزیر اعظم آپ سے ملاقات کریں گے،انہوںنے کہا کہ ٹیکسٹائل مشینری پر ٹیکس کی شرح زیر و ریٹنگ پر ہے لیکن اس میں بھی اگر آپ کو کوئی مسئلہ ہے تو آپ مجھے لکھ کر دیں میں آپ کا ہر مسئلہ حل کرنے کی کوشش کروں گا،نہوںنے کہا کہ ابھی مالیاتی سال ختم ہوا ہے لیکن اس کے باوجود ہم آپ کے مسائل کو حل کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور 20دن کے اندر اندر اس کا نتیجہ آپ کو مل جائے گا، انہوںنے کہا کہ آپ کے سامنے تو ٹیکسٹائل ایک سیکٹر کی حیثیت رکھتا ہے لیکن ہماری نظر میں ٹیکسٹائل کے تقر یباً 12سب سیکٹرز ہیں اور ہم نے تمام سیکٹرز کے مسائل کو دیکھنا اور ان میں رابطہ بھی قائم رکھنا ہوتا ہے ،انہوںنے کہا کہ جس طرح ٹیکسٹائل کے بہت سے سیکٹرز ہیں، اسی طرح ٹیکسٹائل کو ایک وزارت یا ادارہ ڈیل نہیں کرتا بلکہ وزارت خزانہ ،اوگرا ،نیپرا ، وزارت پانی و بجلی سب اس شعبے کو ڈیل کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہمیں اس شعبے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ان تمام وزارتوں اور اداروں سے ہر وقت رابطے میں رہنا پڑتا ہے، انہوںنے کہا کہ یہ بات ٹھیک نہیں ہے کہ حکومت کی اس طرف کوئی توجہ نہیں ہے ،حکومت کی بھر پور توجہ ٹیکسٹائل انڈسٹری پر ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت آئے روز بجلی کے نئے کارخانے لگا رہی ہے تاکہ ہر سطح پر بجلی کی کمی کو پورا کیا جا سکے،انہوںنے کہا کہ بجلی کی کمی سے زیادہ بجلی کی قیمت کا مسئلہ ہے اس لئے ہمیں صرف بجلی پیدا ہی نہیں کرنی بلکہ اس کو سستا بھی کرنا ہے ،قبل ازیں ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئر مین محمد امجد خواجہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اپنے مسائل سے سیکرٹری وزارت ٹیکسٹائل کو آگاہ کیا جس پر انہوںنے مذکورہ مسائل کے حل کیلئے اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

فقیر والی میں شائع ہونے والی مزید خبریں