”بچے باہر جاﺅ“پولنگ عملہ2فٹ کے25سالہ نوجوان کو بچہ سمجھ بیٹھا

خان گڑھ کے جنید نے شناختی کارڈپولنگ عملے کو دکھایا جس پر اس کی عمر25سال درج تھی جس کے بعدپولنگ عملے نے ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دیدی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 8 فروری 2024 15:00

خان گڑھ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 فروری2024 ء) ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں عوام کا جوش و جذبہ دیدنی ہے ،جہاںملک بھر کے طول و عرض کے علاقوں سے بزرگ،خواتین اورنوجوانوں سمیت ہر عمر کے لوگ الیکشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ سٹیشنوں میں پہنچ رہے ہیں وہیں خان گڑھ کا 2فٹ کا نوجوان بھی ووٹ ڈالنے حلقہ این اے 176 میں پہنچ گیا۔جنید کا قد چھوٹا ہونے کی وجہ سے پولنگ عملے نے اسے دیکھتے ہوئے بچہ سمجھ کر باہر جانے کا کہا لیکن جب جنید نے اپنا شناختی کارڈ پولنگ عملے کو دکھایا جس پر اس کی عمر25 سال درج تھی تو پھرپولنگ عملے نے اس کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دیدی جس کے بعد جنید نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنید کا کہنا تھا کہ جنیدنے کہا کہ ووٹ کاسٹ کرنا قومی فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

دو فٹ کے نوجوان جنیدنے بتایا کہ جب وہ این اے 176 میں ووٹ ڈالنے پہنچا تو پولنگ عملے نے اسے بچہ سمجھ کر سائیڈ پر کر دیا جس پر اس نے اپنا شناختی کارڈ دکھایا تو اس پر درج عمر دیکھ کر ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت ملی۔خیال رہے کہ آج ملک بھر میں عام انتخابات ہو رہے ہیں ۔

پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔

ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے شہری کو اصل شناختی کارڈ کے ساتھ پولنگ اسٹیشن جانا ہوگا، جہاں وہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبر کو ووٹ کاسٹ کرے گا، قومی کیلیے سبز جبکہ صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپر کا رنگ سفید ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کیلیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 انتہائی حساس ہیں۔ پولنگ اسٹیشن اور دیگر امور کی نگرانی کیلیے 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار ڈیوٹیز دیں گے۔ پیرا ملٹری فورس دوسرے جبکہ تیسرے درجے میں پاک فوج ذمہ داری انجام دے گی جو کوئیک رسپانس فورس کے طور پر کام کرے گی۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں