سابق وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

ہفتہ 14 جون 2025 21:26

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) سابق وزیراعلیٰ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملے ایرانی قومی سلامتی کی بدترین خلاف ورزی ہیں۔ یہ حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور عالمی دہشتگردی کے مترادف ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے ایرانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک خوددار اور خودمختار قوم ہے جو کسی بھی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرسکتی ہے۔ایرانی قوم کی سلامتی،خودمختاری اور حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے گلگت بلتستان سمیت پوری پاکستانی قوم ایرانی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم فوری طور پر اسرائیلی جارحیت رکوانے اور عالمی قوانین کی بدترین خلاف ورزی پر اسرائیل کو سزا دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کیلئے یہ حالات لمحہ فکریہ ہیں ، امت مسلمہ فوری طور پر اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے متفقہ موقف اپنائے اور ایرانی قوم کا بھرپور ساتھ دے۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں