بارڈرپاس بارے مقامی تاجروں کے جائز تحفظات پر غور کیاجائے گا،حاجی گلبر خان

خلوص نیت سے گلگت بلتستان میں عوام کی خدمت کررہے ہیں،زمینوں کا تحفظ کے دیرینہ مسئلے کو لینڈ ریفارمز کے ذریعے مستقل بنیادوں پر حل کیا،وزیر اعلی گلگت بلتستان

جمعہ 13 جون 2025 21:00

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پاک چائنہ تجارت سے وابستہ مقامی تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارڈرپاس کے حوالے سے مقامی تاجروں کے جائز تحفظات پر غور کیاجائے گا۔ سوست ڈرائی پورٹ پر درپیش مسائل کسٹم اور ایف بی آر سے متعلق ہیں لیکن ہم نے وفاقی سطح پر متعلقہ فورمز میں مقامی تاجروں کے مسائل اجاگر کئے ہیں اور تاجروں کے حقوق کی تحفظ کیلئے بات کی ہے۔

گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل حل کرنا اور حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ہم نے خلوص نیت سے گلگت بلتستان میں عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کا سب سے دیرینہ مسئلہ ان کے زمینوں کا تحفظ تھا جس کو ہماری حکومت نے لینڈ ریفارمز کے ذریعے مستقل بنیادوں پر حل کیا اور اسی لینڈ ریفارمز ایکٹ کے ذریعے خالصہ سرکار کو ختم کیا اور عوام کو ان کے زمینوں کی ملکیت دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

لینڈ ریفارمز ایکٹ عوام کے منتخب نمائندوں نے تیار کیا ہے جس میں عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس اہم اور تاریخی اقدام پر صوبائی حکومت کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے چند لوگ تنقید کررہے ہیں۔ ہم تنقید سے گھبرانے والے نہیں، ہماری نیت ٹھیک ہے۔ ہمارا مقصد عوام کے حقوق کا تحفظ اور ان کی خدمت کرنا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والے پاک چائنہ تجارت سے وابستہ مقامی تاجروں کے وفد نے ان کے جائز مطالبات حل کرنے کیلئے خصوصی کوششیں کرنے اور ہر فورم میں تاجروں کے حقوق اور مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور نمائندگی کرنے پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ پسماندہ طبقے کی نمائندگی کی ہے جس پر تاجر برادری آپ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں