پستول صاف کرتے ہوئے گولی چلنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی

اچانک گولی چلنے کی وجہ سے خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 دسمبر 2021 13:25

پستول صاف کرتے ہوئے گولی چلنے سے خاتون جاں بحق  ہو گئی
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 دسمبر 2021ء) : گو جرانوالہ میں مبینہ طور پر پستول صاف کرتے ہوئے گولی چلنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پستول سے اچانک گولی چلنے کا واقعہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں پیش آیا جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بتایا کہ ان کی بہو پستول صاف کررہی تھی کہ اچانک گولی چل گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

خاتون کی موت اچانک گولی چلنے سے ہوئی یا اسے کسی نے گولی ماری ہے اس کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب دوسری جانب خاتون کے والدین نے بھی اسے اتفاقیہ واقعہ قرار دے کر کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے انکار کردیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی مزید کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جہاں پستول صاف کرتے ہوئے یا ہاتھ میں پکڑی پستول سے اتفاقیہ گولی چلنے سے اموات ہوئیں۔ رواں ماہ ہی ایک ایسا واقعہ کراچی میں پیش آیا۔ کراچی کے علاقہ اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر ساڑھے 11 میں اتفاقیہ گولی چلنے سے پھل فروش زخمی ہو گیا۔ اورنگی ٹاؤن پولیس کے مطابق سیکٹر ساڑھے 11 میں سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی جو قریب موجود پھل فروش کو جا لگی۔

اورنگی ٹاؤن پولیس نے زخمی پھل فروش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔ قبل ازیں پشاور میں بھانہ ماڑی کے علاقہ نوتھیہ جدید میں اتفاقیہ گولی چلنے سے ایک شخص اپنے ہی ہاتھوں شدیدزخمی ہوگیا تھا۔ شہری نے پولیس کو بتایا کہ گذشتہ روزگھرمیں اپنا پستول صاف کررہا تھا اس دوران غلطی سے ٹریکر دب گیا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں