ضلع ہری پور، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن و چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد

منگل 25 جون 2019 11:29

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) ضلع ہری پور کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں پولیس نے تین دنوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن و سنیپ چیکنگ کے دوران بھاری مقدار میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ہری پور کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ضلع بھر کے مختلف مقامات پر گذشتہ تین روز کے دوران چار سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 400 سے 450 کے قریب گھروں کی چیکنگ کی گئی۔

منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر چھاپہ زنی کے دوران 17 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے قبضہ سے 15 کلو 935 گرام چرس، 3 کلو ہیروئن اور ایک کین شراب 30 لیٹر برآمد کر کے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے، گھروں کی تلاشی کے دوران غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے ایک عدد کلاشنکوف، 7 عدد پستول، 6 عدد بندوقیں اور مختلف بور کے 232 کارتوس برآمد کر کے اسلحہ آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کئے گئے جبکہ نامکمل سیکورٹی انتظامات پر 10 دکانداروں و ہوٹل مالکان کے خلاف 12 ایس وی ای پی کے تحت مقدمات درج ہوئے۔

(جاری ہے)

لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف پر پانچ مساجد کے علماء پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی، فائرنگ ایکٹ کے مرتکب چار اشخاص کے خلاف مقدمات اور تیز رفتاری و غفلت کے مرتکب ڈرائیوروں کے خلاف 279 پی پی سی کے تحت 8 مقدمات درج کئے گئے۔ اسی طرح مشتبہ گان افراد کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 82 افراد کے خلاف انسدادی کاروائیاں عمل میں لائی گئی۔ ڈی پی او ہری پور نے جملہ تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایات کی کہ منشیات فروشوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید فعال کریں اور گشتوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں