حیدرآباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کا سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تمام تجاوزات کو ختم کرنے کے آرڈر کا خیر مقدم

پیر 29 اپریل 2024 23:08

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) حیدرآباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تجاوزات کو ختم کرنے کے آرڈر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل وہ رکاوٹ ہے جس کے آگے میونسپل کارپوریشن، صوبائی اور وفاقی حکومتیں بھی بے بس نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی نے واضح الفاظ میں آرڈر دیا ہے تو میونسپل کمشنر اور شعبہ اینٹی انکروچمنٹ کو حیدرآباد کے تمام علاقوں میں قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے واضح احکامات دینے چاہئیں اور شعبہ اینٹی انکروچمنٹ کو فوری طور پر بازاروں اور مارکیٹوں سمیت تمام اہم شاہراہوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرنا چاہیئے تاکہ ٹریفک کی روانی میں حائل غیر قانونی رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جاسکے۔ صدرچیمبر فاروق شیخانی نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری امید کرتا ہے کہ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سپریم کورٹ کے حکم پر من و عن عمل کرتے ہوئے شہر حیدرآباد سے تمام تجاوزات ختم کروائے گا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں