وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، ایم پی اے شرجیل میمن

جمعہ 15 جنوری 2021 23:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، 14 گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے اور سندھ سے پیدا ہونے والی گیس دیگر صوبوں کو ترجیحاً د ی جا رہی ہے، ان خیالات کا اظہار ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے روڈ گاجا موری سے گائوں سونو خان عالمانی تک 8 کلومیٹر سڑک کے مرمتی کام کی تکمیل کے بعد سڑک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر راول شرجیل میمن و دیگر بھی موجود تھے۔

ایم پی اے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ انہوں نے اپنے حلقہ میں عوامی فلاح کیلئے رکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی قیادت میں عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نیازی سرکار اب نااہل ہوچکی ہے اور عوام انہیں جان گئی ہے کہ وہ صرف باتیں کرنا جانتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں سردی کی شدت میں اضافے کے باوجود 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے اور سندھ سے پیدا ہونے والی گیس دیگر صوبوں کو ترجیح بنیادوں پر دی جاتی ہے جو کہ آئین کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے کہا کہ وفاق کی طرف سے سندھ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ہم وفاقی حکومت کی عوام سے مزید زیادتی برداشت نہیں کریں گے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فروری میں پی ڈی ایم کے تاریخی جلسے کا انعقاد کر کے وفاقی حکومت کو ان کے گھر کا راستہ دکھایا جائے گا، جلسے کی تاریخ کا اعلان پی ڈی ایم قیادت کرے گی، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت متحد ہے اور ایک پیج پر ہے اور ہماری منزل حقیقی جمہوریت اور پارلیمنٹ کی آئینی حیثیت کی بحالی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سیری اسٹاپ گاجا موری پر ایم پی اے شرجیل انعام میمن کا استقبال کیا گیا، تقریب میں رئیس علی نواز رند، میر اشرف تالپور، غلام مصطفی پنہور سمیت مقامی رہنمائوں اور معززین سمیت کارکنوں نے شرکت کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں