حیدرآباد بورڈ آفیس کی انتظامیہ کے خلاف جلد ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا،اپیکاسندھ پریشرگروپ

اتوار 22 مئی 2022 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) ایپکا سندھ(پریشر گروپ)کے صوبائی سرپرست اعلی انور میمن، چیف آرگنائزر ولی محمد سومرو اور صوبائی ترجمان شاہد سومرو نے کہا ہے کہ حیدرآباد بورڈ آفیس کی انتظامیہ کے خلاف جلد ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، نویں جماعت سے لے کر بارہویں جماعت تک تعلیم سندھ گورنمنٹ نے مفت کررکھی ہے لیکن بورڈ آفس انتظامیہ کی طرف سے تمام طلبا سے ڈاکیومینٹیشن چارجز کی مد میں فیس وصول لی جارہی ہے ،اس کے علاوہ الیجیبلٹی کی مد میں بھی 1600روپے اور لیٹ فیس 9000 روپے وصول کی جا رہی ہے جو ظلم کی انتہا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس ظلم کے خلاف جلد پریس کلب پر احتجاجی دھرنا ہو گا، ہم حیدرآباد کے تمام طلبا سے پرزوراپیل کرتے ہیں کہ اس دھرنے میں بھرپورشرکت کر کے اپنا حق حاصل کرنے کی جدوجہد کو کامیاب بنائیں، انہوں نے کہا کہ ایپکا سندھ (پریشر گروپ)کی طرف سے دھرنے کے بعد سندھ ہائیکورٹ حیدرآباد سرکٹ بینچ میں طلبا کے ساتھ جاری ظلم کے خلاف آئینی درخواست بھی دائر کی جائے گی اس کے ساتھ صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں بھی درخواست دائر کریں گے۔

(جاری ہے)

درایں اثنا ایپکا سندھ(پریشر گروپ)کا ایک اہم اجلاس آج(پیر) سرپرست اعلی انور میمن کی زیر صدارت گورنمنٹ زبیدہ گرلس کالج حیدرآباد میں ہو گا جس میں ورکررز کنویشن شہباز بلڈنگ میں منعقد کرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان اور تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں