زیادہ قیمتیں وصول کرنے والے کھاد ڈیلروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد کی تنبیہ

منگل 24 مئی 2022 16:13

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے تمام زرعی کھاد ڈیلرز حکومت اور کمپنی کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر کھاد کی فروخت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر زیادہ قیمتیں وصول کرنے والے ڈیلروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع میں زرعی کھاد کی دستیابی اور قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے لئے محکمہ زراعت کے افسران، کھاد کمپنیوں کے نمائندگان اور ڈیلروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع کی معشیت کا دارومدار زراعت پر ہے انتظامیہ کی جانب سے بہتر فصل کی پیداوار اورکاشتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے محکمہ زراعت کے افسران کے ہمراہ چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جوبھی ڈیلر مقرر کردہ کھاد کی قیمتوں سے زائد وصول کریگا اس پر جرمانہ عائد کرکے دکان سیل کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زرعی کھاد کی دستیابی اور کمپنیوں کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کی جائے تاکہ بروقت کاروائی کرکے کاشتکاروں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر زراعت محمد رمضان چنہ نے بتایا کہ ضلع میں 15 مارچ سے 15 ستمبر تک خریف سیزن کے فصلوں کی کاشت کا ٹارگٹ 2 لاکھ 92 ہزار 181 ایکڑ ہے جس کے لئے 13 لاکھ 51 ہزار 632 بوری زرعی کھاد کی ضرورت ہے انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک کھاد کمپنیوں کی جانب سے ضلع کے کھاد ڈیلروں کو 3 لاکھ 72 ہزار 800 بوری کھاد فراہم کی گئی ہیں جبکہ مزید کھاد کی وقت پر فراہمی کے لئے کمپنیوں کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ اقبال تنیو سمیت ایف ایف سی سونا یوریا، اینگرو اور فاطمہ فرٹیلائزر کے نمائندوں اور ضلع کے مختلف شہروں کے کھاد ڈیلروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں