گیس کی قیمت میں اضافہ کرکے پی ٹی آئی بھی گذشتہ حکومت کے نقش قدم پر چل پڑی ہے، حافظ طاہر مجید

یہی روش جاری رہی تو موجودہ اورسابقہ حکومت کے درمیان فرق ختم ہوجائے گا، حکومت سطحی اقدامات کرنے کے بجائے ٹھوس معاشی پالیسی کااعلان کرے

منگل 18 ستمبر 2018 21:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہرمجیدنے کہاہے کہ گیس کی قیمت میں اضافہ کرکے پی ٹی آئی بھی گذشتہ حکومت کے نقش قدم پر چل پڑی ہے، یہی روش جاری رہی تو موجودہ اورسابقہ حکومت کے درمیان فرق ختم ہوجائے گا، حکومت سطحی اقدامات کرنے کے بجائے ٹھوس معاشی پالیسی کااعلان کرے۔

ایک بیان میں حافظ طاہر مجید نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی عوام پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کابم گرادیاہے اس اقدام سے عوام کومہنگائی کے ایک نئے عذاب کاسامناکرناپڑے گا۔انھوں نے کہاکہ بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ میں ہوناچاہیے لیکن حکومتیں سب سے زیادہ نشانہ بنیادی ضروریات زندگی کوبناتی ہیں بجلی گیس اورپیٹرول عوام کی لازمی ضرورت بن گئی ہیں ان میں اضافہ دراصل اشیاء کوعوام کی پہنچ سے دورکرناہے۔

(جاری ہے)

گھریلوصارفین ،گھریلوصنعت اورمشترکہ خاندان میں رہنے والے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، گھروں میں چھوٹے موٹے کام کرنے والے مزدور اورخواتین جن کاروزگارہی گیس سے چلتاہے گیس کابل بڑھ جائے گااور وہ خاندان جومشترکہ طورپر ایک ہی میٹر استعمال کرتے ہیں ان پر زیادہ بوجھ پڑے گا۔انھوں نے کہاکہ انتخابات سے قبل اوربعدمیں حکومت نے بلندبانگ دعوے کیے تھے لیکن عملاًاس کے الٹ کیاجارہاہے حکومت کی کوئی معاشی پالیسی ہے ہی نہیں اگر ہے تووہ پچھلی اورموجودہ حکومت کی پالیسی میں کوئی فرق نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ بے شک ملک کووسائل کی شدیدضرورت ہے لیکن اس کامطلب یہ نہیں کہ اس کاتمام تربوجھ غریب آدمی پر لاد دیاجائے، حکومت کوچاہیے کہ وہ جامع معاشی پالیسی کااعلان کرے جس کے ذریعے ٹیکس نیٹ کادائرہ بڑھایاجائے، کاروں،میک اپ کے سامان ،اسمارٹ موبائل فون اورسگریٹ سمیت تمام لگژری اشیاء پرٹیکس وصول کرے،ملکی اشیاء کی خریدوفروخت کوفروغ دے ،کرپشن اوربدانتظامی ختم کرے اور لوٹی ہوئی ملکی دولت واپس لانے کافوری اورمناسب بندوبست کرے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں