پی ٹی آئی رہنما عمران قریشی کا صحافی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس کا اظہار

عزیز میمن کو صرف جراتمندانہ صحافت کی پاداش میں قتل کیا گیا ہے انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کا علم بلند رکھا، بیان

جمعرات 20 فروری 2020 21:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر صوبائی ر ہنما عمران قریشی نے محراب پور کے سینئر اور بہادر صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزیز میمن کو صرف جراتمندانہ صحافت کی پاداش میں قتل کیا گیا ہے انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کا علم بلند رکھا ، انہیں کئی ماہ سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی تھیں جس پر وہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کیلئے 15 دن تک اسلام آباد میں بھی دھکے کھاتے رہے اور سندھ میں بھی پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو تحفظ کیلئے درخواستیں دیتے رہے لیکن انہیں نہ تو تحفظ دیا گیا اور نہ ہی اُن کی کوئی داد رسی کی گئی جس کے نتیجے میں انہیں جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ سمیت صوبائی حکومت اور پیپلزپارٹی کی قیادت کو عزیز میمن کے قاتلوں کو علم ہے لیکن وہ قاتلوں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے انہیں تحفظ فراہم کررہے ہیں کیونکہ عزیز میمن کے قاتل خود پیپلزپارٹی کی صفحوں میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صحافت کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ پر یقین رکھتی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ آزاد صحافت کے ذریعے ہی جمہوریت کو مضبوط اور عوام کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر عزیز میمن کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں