حلیم عادل شیخ نے سندھ میں جاری جبر اور ظلم کے نظام کیخلاف احتجاج کیا ہے ،عمران قریشی

ہفتہ 22 فروری 2020 19:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر صوبائی ر ہنما عمران قریشی نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ کو دی جانے والی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ نے سندھ میں جاری جبر اور ظلم کے نظام کیخلاف احتجاج کیا ، کرپٹ، بدعنوان اور لٹیرے افسران و سیاستدانوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوئے تو مافیا کے اندر کھلبلی مچ گئی ہے اور اب وہ انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر اُتر آئے ہیں، انہوں نے کہاکہ اس سے قبل حلیم عادل شیخ کو عمرکوٹ میں جان سے مارنے کی کوشش کی گئی اور صوبائی حکومت کی ایماء پر ان ہی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جو ظلم کی انتہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت جو کہ سندھ کے وسائل کو غریب عوام پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی عیاشیوں پر خرچ کررہی ہے جس کی وجہ سے سندھ میں بھوک، بدحالی، بیماری اور بیروزگاری نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں ، ایسے میں حلیم عادل شیخ نے پارلیمان اور اس کے باہر جس طرح سندھ کے غریب عوام کا مقدمہ پیش کیا ہے تو ظلم وڈیروں کے ایوانوں میں زلزلہ آگیا اور اب وہ باقاعدہ طورپر حلیم عادل شیخ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنما نہ پہلے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرے ہیں اور نہ ہی اب ڈریں گے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں