عموماً دوپہر 12 بجے کے بعد سے ٹریفک بڑھتا ہے، عوام کو چاہیے کہ کوشش کریں کہ صرف ضرورت کے تحت گھر سے نکلیں، ایس ایس پی عدیل حسین

ہفتہ 30 مئی 2020 22:16

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حوالے سے تمام ڈی ایس پیز ٹریفک اور ایس اوز کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا، ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا کہ حکومت کی طرف سے واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں لیکن عوام غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، غیرضروری گھروں سے نکلنے اور خریداری کے معاملات یہ بھی ایک اہم وجہ ہے کیونکہ کاروبار کے اوقات پہلے سے مختصر ہیں اور عموماً دیکھنے میں آیا ہے کہ دوپہر 12 بجے کے بعد سے ٹریفک بڑھتا ہے، عوام کو چاہیے کہ کوشش کریں کہ صرف ضرورت کے تحت گھر سے نکلیں،انہوں نے تمام ایس اوز سے ان کے متعلقہ ایریاز میں ٹریفک کی روانی اور ٹریفک سے متعلق مسائل کے بارے میں بریفنگ لی، موجودہ صورتحال کے پیش نظر کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن سے متاثر عوام، کاروبار اور ٹریفک کے بارے میں بات چیت کی گئی، لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی طرف سے دیئے گئے اوقات کے دوران ٹریفک کے مسائل میں جو اضافہ ہورہا ہے اسے کنٹرول کرنے اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی، انہوںنے اہلکاروں سے کہاکہ اس وقت گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے لہذا آپ لوگ احتیاط سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں اور اس کے ساتھ اس وباء سے بچاؤ کی تدابیر پر عمل جاری رکھیں اور حکومتی احکامات پر خود بھی عمل کریں اور اپنے ساتھیوں کو بھی تلقین کریں کہ وہ ماسک کا استعمال کریں، ہاتھ ملانے سے گریز کریں، انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ لوگ بہت محنت کر رہے ہیں، یہ وقت ہم سب پر آزمائش ہے ان شاء اللہ جلد اس وباء سے نجات ملے گی اور معمول کی زندگی پھر سے بحال ہوجائے گی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں