ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں8.83فیصد رکارڈ اضافہ ملک میں مستحکم معیشت کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، حسین محنتی

آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجٹ کی تیاری اور آئی ایم ایف سے قرض لیکر ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنا خطرناک کھیل ہے

بدھ 2 جون 2021 23:50

ٹنڈوجام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2021ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومتی کارکردگی مایوس کن، مہنگائی وبیروزگاری اور معیشت کی خراب صورتحال سے ہر شہری پریشان ہے، 11ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں8.83فیصد رکارڈ اضافہ ملک میں مستحکم معیشت کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، دعوت کے کام سے تحریک میں زندگی آتی ہے، ذمہ داران تحریک اسلامی کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوجام میں مقامی ذمہ داران وکارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی اخراجات سے نہیں لگتا کہ آئندہ آنے والے بجٹ میں بھی ظلم وناانصافی کے مارے عوام کو کو ئی ریلیف مل سکے گا۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجٹ کی تیاری اور آئی ایم ایف سے قرض لیکر ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنا خطرناک کھیل ہے، غیروں کے غلام حکمران اس طرح کے اقدامات سے ملک وقوم اور آئندہ نسلوں کو بھی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھنا چاہتے ہیں۔

سندھ میں پانی کی قلت اور بجلی بحران حکومتی دعووں کی نفی ہے، وفاقی حکومت سندھ کو اپنے حصہ کے پانی کی فراہمی کو یقینی اور بجلی بحران، مہنگائی وبیروزگاری کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرکے قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔قبل ازیں مقامی امیر حافظ غیور احمد نے صوبائی امیر کو تنظیمی اور دعوتی سرگرمیوں وبلدیاتی انتخابات کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ صوبائی امیر نے مقامی صحافی ضمیر حسین لغاری کے گھر پہنچ کر والد کی وفات پر تعزیت، مرحوم کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں