پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں، بدقسمتی اس سال صوبہ خیبر پختون خواہ میں پولیو کے تین کیسز ظاہر ہوئے ہیں، ڈپٹی کمشنرکا اجلاس سے خطاب

جمعرات 19 مئی 2022 21:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو کی زیر صدارت قومی انسداد پولیو مہم کے دوران مختلف محکموں کے تعاون اور آگاہی سے متعلق اجلاس شہباز ہال میں منعقد ہوا، ڈی سی فواد غفار سومرو نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں، بدقسمتی اس سال صوبہ خیبر پختون خواہ میں پولیو کے تین کیسز ظاہر ہوئے ہیں جو کہ وائرس کی موجودگی کا مظہر ہے اس لیے ہم سب کو مزید سخت محنت اور لگن سے اپنے فرائض انجام دینے ہوں گے، انہوں نے واسا کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پینے کی پانی کے تالابوں کی کلورینیشن کروائیں تاکہ پولیو وائرس کی روکتھام کو یقینی بنایا جا سکے، ڈی سی نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے پولیو مہم کے دوران ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم سے متعلق لوگوں میں آگاھی کو فروغ دیں تاکہ مہم کے دوران درپیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جا سکے، کاظم جتوئی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے مختلف محکموں پر نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان کے تحت عائد ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور پلان کے اغراض و مقاصد سمیت مہم کے دوران درپیش مسائل پر روشنی ڈالی، اجلاس میں ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر لالا جعفر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قائم اکبر نمائی، ڈاکٹر جمشید خانزادہ، امام بخش مگسی اور ڈاکٹر بسمہ نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں