,پھلیلی نہر میں سیوریج کا پانی ڈال کر پانی کو مضرصحت اور زہریلا بنانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے،چوہدری نظام الدین آرائیں

اتوار 28 اپریل 2024 21:20

T حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور معروف بلڈر چوہدری نظام الدین آرائیں نے کہاہے کہ پھلیلی نہر میں سیوریج کا پانی ڈال کر پانی کو مضرصحت اور زہریلا بنانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، انہوں نے کہاکہ پھلیلی ، پنیاری اور اکرم واہ نہریں قدیمی نہریں ہیں ان نہروں میں بغیر کسی ٹریٹمنٹ کئے گٹر اور سیوریج کا پانی براہ راست ڈالا جارہا ہے جس کے باعث پھلیلی نہر کا پانی نہ تو پینے کے قابل رہا ہے اور نہ ہی کسی اور کام کیلئے اور خاص طورپر ان دنوں جب پانی کی قلت ہورہی ہے لیکن سیوریج کا پانی باقاعدگی سے ڈالا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پھلیلی نہر کا پانی بدین تک جاتا ہے ، ٹنڈومحمدخان، ماتلی، بدین اور دیگر شہروں میں یہ پانی پینے کیلئے بھی استعمال ہوتا ہے ، سیوریج ملا پانی کی وجہ سے اس کے استعمال سے لاکھوں لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں جن میں پیٹ، معدے ، جلد اور آنکھوں کی بیماریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے دور میں سیوریج کے پانی کو ٹریٹمنٹ کرنے کے پلانٹ لگائے گئے تھے لیکن یہ پلانٹ ناکارہ پڑے ہیں جبکہ جی وارڈ کے مختلف علاقوں کا گٹر اور سیوریج کا پانی براہ راست پھلیلی اور پنیاری نہر میں ڈالا جارہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے کئی مرتبہ اس حوالے سے دفعہ 144 بھی نافذ کی لیکن اس قانون پر نہ تو کبھی عملدرآمد ہوتا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بہتری کیلئے اقدام کئے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں