چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کے ہر ڈویژن میں پارٹی ورکرز اور نمائندوں سے مشاورتی اجلاس منعقد کر رہے ہیں، سید مراد علی شاہ

اتوار 12 مئی 2024 19:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ کے ہر ڈویژن میں پارٹی ورکرز اور نمائندوں سے مشاورتی اجلاس منعقد کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں میں کارکنوں اور نمائندوں سے بھی تجاویز لی جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو حیدرآباد کے دورے کے دوران پارٹی کارکنان اور نمائندوں سے حیدرآباد کے ایک شادی ہال میں اپنے خطاب میں کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت حیدرآباد میں 61783 ملین روپے کی 239 اسکیمیں جاری ہیں جبکہ رواں سال کی حیدرآباد کی 239 اسکیموں کی ایلوکیشن 17026.7 ملین روپے ہے۔ ضلع مٹیاری کے حوالے سے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مٹیاری میں 15943.9 ملین کی 106 اسکیمیں جاری ہیں جبکہ رواں سال مٹیاری کی 106 اسکیموں کے لیے 4904.254 ملین روپے کی ایلوکیشن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹنڈو الہیار میں 15852.8 ملین روپے کی 95 اسکیمیں جاری ہیں اور رواں سال ٹنڈو الہیار کی 95 اسکیموں کے لیے 6492.291 ملین روپے ایلوکیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ٹنڈو محمد خان میں 15852.8 ملین روپے کی 87 اسکیمیں جاری ہیں جبکہ رواں سال ٹنڈو محمد خان کی 87 اسکیموں کے لیے 3646.356 ملین روپے رمختص کیے گئے ہیں. وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی امانت ہوتے ہیں اور ترقیاتی اسکیموں کی تیاری کے بعد ہم سب کا فرض ہے کہ ان کی حفاظت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد ڈویژن کی ترقی اور دیگرتمام مسائل آپ کی حکومت حل کرے گی اور آج میں اپنے وزراءاور متعلقہ افسران کو ساتھ لایا ہوں تاکہ آپ کی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ اپنے علاقوں میں کام کریں اور بلدیاتی نظام کے تحت مقامی سطح پر مسائل بلدیاتی ادارے ہی حل کریں۔

تقریب میں صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ سید ناصر حسین شاہ نے اسکیموں کی تجاویز دینے کے طریقہ کار کے متعلق شرکاءکو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر حیدرآباد ڈویژن کے 4 اضلاع کی اسکیموں کے متعلق غور کیا گیاجن میں حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو الہیار اور ٹنڈو محمد خان شامل ہیں۔ اس موقع پر اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے حیدرآباد ڈویژن سے منتخب نمائندوں، بلدیاتی نمائندوں، تمام پارٹی عہدیداروں اور کارکنان سے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تجاویز لیں۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، جنرل سیکرٹری وقار مہدی کے علاوہ صوبائی وزراءشرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، جام خان شورو، سعید غنی، علی حسن زرداری، مخدوم محبوب، ڈویژنل صدر علی نواز شاہ رضوی اور دیگرنے شرکت کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں