ْکشمیر ہائی وے کے ساتھ گرین بیلٹ پر بڑے پودے لگانے کا آغاز ،600 سے زائد چیڑ کے درخت لگا دیئے گئے

منگل 21 جنوری 2020 12:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی راستوں کو خوبصورت بنانے کے لئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے جی 14 کشمیر ہائی وے کے ساتھ گرین بیلٹ پر بڑے پودے لگانے کا آغاز کردیا ہے، پہلے مرحلے میں 600 سے زائد چیڑ کے درخت لگا دیئے گئے ہیں۔ ایم سی آئی کے شعبہ ماحولیات کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ ایم سی آئی نے سی ڈی اے اور اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جی 14 اور جی 13 کشمیر ہائی کے ساتھ ساتھ داخلی راستوں پر بڑے پودے لگانے کا کام شروع کر دیا ہے۔

یہ شجر کاری مہم کا حصہ ہے۔ حکام نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کلین اینڈ گریں پاکستان کے تحت اسلام آباد کو خوبصورت اور سر سبز بنانے کے لئے ہم نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد داخلی راستوں کو خوبصورت بنایا جائے تاکہ باہر سے آنے والے لوگو ںکے لئے دارالحکومت خوبصورت اور دلکش نظارہ پیش کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر ہائی وے کے گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے کے لئے 600 سے زائد چیڑ اور دیگر اقسام کے بڑے پودے لگا دیئے ہیں اور آئندہ بھی اس سلسلہ کو جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جتنا بھی مائو ایریا ہے انہیں سرسبز اور شاداب بنایا جائے گا۔ جی 14 کے شہریوں نے ایم سی آئی کی جانب سے اقدام کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں جتنے بھی گرین بیلٹس خالی ہیں آئندہ چند روز میں انہیں بھی خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لئے پودے لگائے جائیں گے۔ ہائوسنگ سوسائٹی کے شہریوں نے بھی متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے علاقے میں بھی بھرپورشجر کاری کی جائے۔

دریں اثناء ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان نقوی نے بتایا کہ ایم سی آئی آئندہ ماہ فروری میں شروع ہونے والی موسم بہار شجر کاری مہم کے لئے بھرپور تیاریاں کررہی ہے اور ہم نے شجر کاری کے لئے متعدد اقسام کے پودے تیار کر رکھے ہیں جن میں پھلدار اور پھولدار پودے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے دوران مختلف اداروں کے تعاون سے اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں تقریباً 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور ان پودوں کی نگرانی اور دیکھ بھال بھی ان کی اولین ترجیحات میںشامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں