سپریم کورٹ میں کنگ حماد یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹ میڈیکل سائنسز میں بے قاعدگیوں سے متعلق کیس کی سماعت

منگل 18 فروری 2020 20:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) سپریم کورٹ نے کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹ میڈیکل سائنسز میں بے قاعدگیوں سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔ منگل کے روز چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اور میئراسلام آباد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ بحرین حکومت نے کنگ حماد یونیورسٹی کیلئے 10 سال قبل 10 ارب روپے عطیہ کیے تھے، کیا سی ڈی اے نے اسپتال کی تعمیر کیلئے اراضی دے دی ہے دوران سماعت چیف جسٹس نے میئراسلام آباد سے اب تک اراضی فراہم نہ کرنے کی وجہ پوچھی تو میئر اسلام آباد شیخ عنصر نے عدالت کو بتایا کہ وہ کسی دوسرے مقدمے میں عدالت عظمی میں پیش ہوئے ہیں، یہ معاملہ سی ڈی اے سے متعلق ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میئرصاحب کو معلوم ہی نہیں کہ شہر اقتدار میں کیا ہو رہا ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ پراپرٹی ایوارڈ بنانے میں کرپشن اور بے ضابطگیاں ہوئیں۔ عدالت نے نیب کو کام سے روک رکھا ہے۔ عدالت نے سیکرٹری نیشنل ہیلتھ اینڈ سروسز اور سی ڈی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلیے ملتوی کردی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں