اوپن یونیورسٹی تمام اقدامات میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنارہی ہے،پروفیسر ڈاکٹر ضیائ القیوم

بے جا تنقید سے کوئی ادارے کے مفادمیں اٹھائے گئے فیصلوں کو تبدیل نہیں کرسکتا ہے، تقریب سے خطاب

منگل 30 نومبر 2021 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2021ء) یونیورسٹی کی انفراسٹرکچر کی توسیع، تعیناتیوں سمیت طلبہ کی سہولتوں میں اضافے اور ادارے کی مجموعی ترقی کے لئے اٹھائے جانے والے سبھی اقدامات میں میرٹ اور قواعد و ضوابطپر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہی"اِن خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیائ القیوم نے ہیلتھ کیئر سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب اللہ کی عدالت میں جواب دہ ہیں، ادارے کی ترقی اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدمات میں بے قاعدگی ثابت ہونے پر میں آپ سب کے سامنے جواب دہ ہونگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے جا تنقید سے کوئی ادارے کے مفادمیں اٹھائے گئے فیصلوں کو تبدیل نہیں کرسکتا ہے، مثبت تنقیدہر کسی کا بنیادی حق ہے لیکن کیچڑ اچھالنے والے عناصر کو کورٹ آف لائ لے کر جاؤنگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی غریبوں اور نادار طلبہ کی یونیورسٹی ہے، بعض عناصر اس کو بدنام کرکے اِن غریب اور نادار طلبہ کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کو صبح سے رات تک ایمرجنسی علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لئے میڈیکل سینٹر کی توسیع میری خواہش تھی۔ہیلتھ کے سینٹر کے لئے ایک اور ڈاکٹر کو ہائرکردیا گیا ہے جبکہ ایک سینئر میڈیکل آفیسر کو بہت جلدبھرتی کیا جائے گا۔

ہیلتھ کیئر سینٹر میں میل فی میل وارڈ، مائنر اوٹی، ایمرجنسی، ڈریسنگ روم، ڈسپنسری، لیبارٹری، دو ڈاکٹر رومز اور میل /فی میل کے لئے الگ الگ واش رومز بھی بنادیئے گئے ہیں۔ ہیلتھ کیئر سینٹر میں جدیدساز و سامان اور لیبارٹی کے قیام سے یونیورسٹی ملازمین کو یونیورسٹی میں ہی بہتر تشخیص کے مواقع میسر ہونگے۔ فرسٹ ایڈ میڈیسن سمیت مختلف ٹیسٹوں کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

افتتاح کے بعد وائس چانسلر نے رجسٹرار، عمر یونس، ڈاکٹر زیبہ حمید، پراجکیٹ ڈائریکٹر، شریف اللہ اور پرنسپل آفیسر سمیت ہیلتھ کیئر سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر، انجنئیرشریف اللہ کے مطابق وائس چانسلر نے میڈیکل سینٹر کے توسیعی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی، مقررہ وقت پر کام کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ہمارا عملہ دن رات کام میں مصروف عمل رہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں