قائد اعظم یونیورسٹی کا کیو ایس سبجیکٹ رینکنگ 2024 میں ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ

بدھ 17 اپریل 2024 20:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) قائد اعظم یونیورسٹی نےکیو ایس سبجیکٹ رینکنگ 2024 میں ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کیو ایس درجہ بندی کے مطابق یونیورسٹی نے مختلف ڈسپلنز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پوزیشن کو مستحکم کیا ہے۔بدھ کو جاری بیان کے مطابق ریاضی، شماریات، فزکس، کیمسٹری، میٹریل سائنس اور بائیولوجیکل سائنسز کے شعبوں (مائیکروبائیولوجی، بائیو کیمسٹری ، پلانٹ سائنسز، بائیو ٹیکنالوجی ،بائیو انفارمیٹکس، زولوجی) میں عالمی درجہ بندی میں 201 سے 351 کے درمیان جگہ بنائی ہے اور اپنے اپنے مضامین میں پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے،اسی طرح فارمیسی اینڈ فارماکولوجی ڈیپارٹمنٹ نے عالمی سطح پر 201ویں اور پاکستان میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں انوائرمنٹل سائنسز کے شعبہ ہائے جات عالمی درجہ بندی میں251 سے 450 کے درمیان جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن سسٹم، اکنامکس اینڈ اکانومیٹرکس، اور بزنس اینڈ مینجمنٹ سٹڈیز کے شعبوں نے بھی 351-451 کے درمیان نمایاں جگہ حاصل کی ہے۔قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ہمارے اساتذہ اکرام، طلبہ، عملے،رینکنگ کمیٹی اور المنائی کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، بالخصوص ہمارے محنتی اساتذہ اکرام خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اس کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ قائد اعظم یونیورسٹی جو موجودہ کیو ایس رینکنگ کے مطابق دنیا کی بہترین یونیورسٹییوں میں 315وین نبر پر اور پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے ،کو مزید بہتر کرنا ہے۔ قائد اعظم یونیورسٹی کا شمار دنیا کی 40 بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے جو کہ اس کی ریسرچ کوالٹی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں