قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،یوسف رضا گیلانی

ہنرمند اور غیر ہنرمند مزدورں کی کم سے کم معاوضے میں اضافہ کر کے محنت کشوں کے مسائل کومزید کم کیا جا سکتا ہے،چیئر مین سینٹ

منگل 30 اپریل 2024 18:32

قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی ترقی کی عظیم جدوجہد میں ہمارے جواں ہمت محنت کشوں کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،پاکستان ان تمام سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہے جن میں مزدوروں کے حقوق کی فراہمی و تحفظ ریاست کا آئین فراہم کرتا ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یکم مئی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے اور پاکستان میں بھی محنت کشوں کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہنرمند اور غیر ہنرمند مزدورں کی کم سے کم معاوضے میں اضافہ کر کے محنت کشوں کے مسائل کومزید کم کیا جا سکتا ہے،حکومت وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے نہ صرف اندرون ملک کام کرنے والے محنت کشوں بلکہ تارکین وطن کے مسائل کے حل اور بہبود کیلئے متعدد اقدام اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کا دن ہے، یہ دن ہمیں ان مواقع کو تسلیم کرنے اور خراج تحسین پیش کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے جو محنت کشوں نے اپنے اپنے ممالک کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے کئے ہیں۔

موجودہ حالات کے تناظر میں یہ دن مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے، پاکستان کی متحرک افرادی قوت ہماری ترقی کی اصل رفتار ہے، حکومت کا تیز، جامع اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف ہماری محنتی، سرشار اور پرعزم افرادی قوت کی بدولت ہی حاصل ہوسکتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یکم مئی ایک اہم دن ہے اورمزدوروں کو اپنی طویل اور مشکل جدوجہد کے اعزاز کے لئے ہر سال یکم مئی کو’’یوم مزدور‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں