یوم مئی تجدید عہد کا دن ہے ،شکاگو کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، چوہدری محمد یٰسین

منگل 30 اپریل 2024 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد مزدور یونین (سی بی اے) چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ یوم مئی تجدید عہد کا دن ہے اوردنیا بھر کے مزدوروں کے ساتھ ہونے والی ظلم و زیادتی کے خلاف آواز بلند کرنے پر شکاگو کے مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم مئی کے حوالے سے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 1886ء میں شکاگو کے مزدوروں نے اپنے جھنڈوں کو اپنے لہو سے رنگ کر تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے زندہ جاوید کردیا،یوم مئی محنت کشوں کے لئے تجدید عہد کا دن ہے ، آج پورے پاکستان کے مزدوروں کو یکجا ہونے کا وقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ،ہمارے ملک میں موجودہ لیبر قوانین پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا اور ڈیلی ویجز،کنٹریکٹ و دیہاڑی دار مزدور معاشی استحصال کا شکار ہے اور پاکستان کے زرعی محنت کش بھی عدم تحفظ کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی اداروں کوکرپشن،بدعنوانی اور بے جا سیاسی مداخلت سے پاک کیا جائے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے فیصلے کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکمرانوں سے اپیل ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کو ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق روزگار مہیا کیا جائے،آج تعمیراتی مزدور،فیکٹری ورکرز اور گھروں میں کام کرنے والوں کو قانونی تحفظ حاصل نہیں،عام مزدور جو سڑکوں پر بیٹھا نظر آتا ہے اور آج یوم مئی کے دن بھی وہ اپنے حقوق سے بے خبر اپنی دیہاڑی کمانے کی آس میں لگا ہے اور اگر کسی ملک یا شہر میں ہڑتال ہو جائے تو اس کے بچے مزدوری نہ ملنے کی وجہ سے فاقہ کشی کا شکار ہو جاتے ہیں،ورکرویلفیئر فنڈ کے اربوں روپے محنت کشوں کے بچوں کی اعلیٰ تعلیم،صحت،رہائشی کالونیوں اور ان کے بچیوں کے ہاتھ پیلے کرنے پر خرچ کیے جائیں اور محنت کشوں کے بچوں کے لیے فنی تعلیم کا اہتمام کیا جائے،قومی اسمبلی میں محنت کشوں کے نمائندوں کو نمائندگی کا موقع فراہم کیا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں